1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو سو سے زائد کلومیٹر تک تیرنے والے کتے کو بچا لیا گیا

16 اپریل 2019

خلیج تھائی لینڈ میں دو سو کلومیٹر سے زائد سمندر میں تیرنے والے ایک کتے کو بچا لیا گیا ہے۔ اب اس بہادر کتے کو جنوبی تھائی لینڈ کی بندرگاہ سونگ کھلا پہنچا دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3GtoC
Hawai Rettung Segler
تصویر: U.S. Navy via AP

اس بہادر کتے کی سمندر میں اپنی جان بچانے کی کوشش کا احوال خلیج تھائی لینڈ کے سمندری علاقے میں سے تیل نکالنے والی انٹرنیشنل کمپنی شیوران تھائی لینڈ کے ایک ملازم ویٹیساک پیالاو نے اپنے فیس بک پیج پر بیان کیا ہے۔ جس مقام پر اس کتے کو سمندر سے نکالا گیا، وہ ساحل سے 135 میل یا 220 کلومیٹر کی دوری پر ہے۔

ویٹیساک پیالاو کے مطابق  کتے کو سمندر میں قائم تیل پروڈکشن کے لیے قائم پلیٹ فارم سے پہلی مرتبہ دیکھا گیا اور وہ تیرتا ہوا اس پلیٹ فارم کی جانب بڑھ رہا تھا۔ تُند سمندری موجوں کے باوجود یہ کتا اپنی ہمت سے پلیٹ فارم کے ڈھانچے کے نچلے حصے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔

شیوران کے ملازمین نے جب اسے پلیٹ فارم کے نچلے حصے میں دیکھا تو انہوں نے اس کے بدن کے گرد رسی ڈھال کر اُسے اوپر کھینچ لیا۔ شیوران کمپنی کے ملازم نے مزید بیان کیا کہ اس کتے کو فوراً ہی اوپر لایا گیا وگرنہ زوردار موجیں اُسے بہا کر اپنے ساتٰھ کسی اور سمت لے جا سکتی تھیں۔

Hawai Rettung Segler
جس مقام پر کتے کو سمندر سے نکالا گیا، وہ ساحل سے 135 میل یا 220 کلومیٹر کی دوری پر ہےتصویر: U.S. Navy via AP

ویٹیساک پیالاو نے اس کتے کا نام  تھائی زبان میں’بون راڈ‘ رکھا ہے۔ انگریزی میں اس کا مطلب ’سروائیور‘ یا بچ جانے والا ہے۔ یہ نام رکھنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے پیالاو نے لکھا کہ اتنی دور تک تیرتا ہوا اپنی جان بچانے میں کامیاب رہنے والے ایسے بہادر کتے کے لیے ایک منفرد نام بہت ضروری ہو گیا تھا۔

شیوران کمپنی کے عملے کا خیال ہے کہ یہ کتا امکاناً مچھلیاں پکڑنے والے کسی ٹرالر سے سمندر میں گر گیا ہو گا اور پھر وہ دوبارہ اُس تک پہنچنے کی کوشش میں کسی اور سمت موجوں کے ساتھ تیرتا چلا گیا۔ پیر پندرہ اپریل کو یہ کتا شیوران کے پلیٹ فارم سے جنوبی تھائی لینڈ کی بندرگاہ سونگ کھلا پہنچا دیا گیا ہے۔

ویٹیساک پیالاو کا کہنا ہے کہ اگر اس کتے کا کوئی مالک سامنے نہ آیا تو وہ اسے اپنے پاس رکھنے کے لیے تیار ہے۔ سونگ کھلا میں واچ ڈاگ تھائی لینڈ نامی تنظیم کی مقامی شاخ کے اہلکار نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ اتنی لمبی تیراکی کے بعد بھی یہ کتا بالکل صحت مند ہے۔