1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دھونی پر پابندی ، سہواگ کپتان

19 دسمبر 2009

بھارت اور سری لنکا کے مابین جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سلو اور ریٹ کے نتیجے میں میچ ریفری جیف کرو نے بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی پر دو میچوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/L8vH
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندرسنگھ دھونیتصویر: UNI

مہیندر سنگھ دھونی پر لگنے والی اس پابندی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے افتتاحی بلے باز وریندر سہواگ کو دو میچوں کے لئے کپتان مقرر کر دیا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں سلو اور ریٹ کی وجہ سے تمام کھلاڑیوں کو میچ کی فیس کا چالیس فیصد حصہ سزا کے طور پر کاٹ لیا گیا ہے۔

بھارتی شہر ناگ پور میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے میزبان ٹیم کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ اس میچ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کے مابین گفتگو کے لمبے لمبے وقفوں کے باعث یہ میچ اپنے مقررہ وقت کے مقابلے میں پینتالیس منٹ دیر سے ختم ہوا۔

جمعہ کی رات گئے بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ اور ICC کے حکام کے مابین مکمل مشاورت کے بعد فیصلہ سنایا گیا کہ دھونی پر دو میچوں کی پابندی کے ساتھ تمام کھلاڑیوں کی میچ فیس کا چالیس فیصد حصہ کاٹا جائے گا۔

Virender Sehwag
سہواگ کا دلکش اندازتصویر: AP

وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش کارتِیک کو مہندر سنگھ دھونی کی جگہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے جبکہ سوائن فلو کا شکار ہوئے فاسٹ باؤلر شری شانت کی جگہ اشانت شرما ، سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں کھیلیں گے۔ اس سیریز کا تیسرا میچ 21 دسمبر کو بھارتی شہر کٹک میں کھیلا جائے گا۔ پابندی ختم ہونے کے بعد نئی دہلی میں کھیلے جانے والےاس سیریز کے آخری میچ میں بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی دوبارہ کھیل سکیں گے۔

رپورٹ : عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین