1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ کے لئے اضافی فنڈز کی منظوری

رپورٹ:عابدحسین، ادارت:مقبول ملک15 مئی 2009

امریکی ایوانِ نمائندگان نے صدر اوباما کے جنگی مد کے لئے مختص خصوصی ایکسٹرا فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔ تقریباً ستانوے ارب ڈالرکی منظوری ایوانِ نمائندگان میں بھاری اکثریت سے دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/HrLs
امریکی ایوان نمائندگانتصویر: picture-alliance/dpa

بل کے حق میں تین سو اڑسٹھ ووٹ ڈالے گئے جب کہ مخالفت میں صرف ساٹھ ووٹ ڈالے گئے۔ ابھی سینیٹ سے منظوری باقی ہے۔ اتنے بڑے فنڈ سے عراق اور افغانستان میں امریکی جنگی سرگرمیوں کو مزید فعال اور متحرک کرنا مقصود ہے۔

اِیک اور اکیانوے ارب ڈالر سے زائد کے بل کی سینیٹ کے ایک ذیلی Appropriation پینل نے متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ نمائندگان میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے ایک جنگ مخالف رُکن Dennis Kucinich نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا بُش دور میں بھی غلط تھا اور اوبامہ کا ایسا کرنا بھی غلط ہے، وائٹ ہاؤس میں ایک ڈیمو کریٹ کے بیٹھنے سے غلط کام صحیح نہیں ہو جاتا۔

امریکی کانگریس میموریل ڈے کی چھٹیوں پر ہے، اِس لئے سینیٹ میں بل پر ووٹنگ اگلے ہفتے کے دوران متوقع ہے۔ بل کے مخالفین میں زیادہ ڈیموکریٹ وہی ہیں جو صد بُش کے دور میں بھی جنگ مخالف تھے۔ کُل اکاون ڈیموکریٹس نے بل کی مخالفت میں حصہ لیا۔

دونوں بلوں میں مختص رقم کو سوائن فلُو کے علاوہ پاکستان سے افریقہ تک مختلف ملکوں کی فوجی امداد کے استعمال میں لایا جائے گا۔ ایوانِ نمائندگان سے منظور ہونے والے بل میں عراق سے اگلے سال کے وسط تک امریکی فوجوں کے انخلاء کے لئے بھی رقم شامل ہے۔

Barack Obama in Afganistan
باراک اوبامہ افغانستان میں تعینات ایک فوجی سے گفتگو کر رہے ہیںتصویر: AP

اِس کے علاوہ افغانستان کے لئے اوباما کی نئی حکمتِ عملی کے تحت اکیس ہزار فوجیوں کی تعیناتی اور افغان فوجیوں کی تربیت کے لئے بھی خصوصی فنڈ رکھا گیا ہے جب کہ پاکستان میں عسکریت پسندی کو کُچلنے کی خاطر مقامی سیکیورٹی اہلکاروں کی خصوصی تربیت کے لئے چار سو ملین ڈالر تجویز کئے گئے ہیں۔

سینیٹ کے ایک ذیلی Appropriation پینل سے جس بل کی ابھی منظوری ہوئی ہے اُس میں گوانتانامو فوجی قید خانے کی بندش کے لئے بھی اسی ملین ڈالر مختص ہیں۔ دوسری جانب ری پبلکن سینیٹرز کا کہنا ہے کہ وہ گوانتانامو کے حراستی کیمپ کی بندش کے لئے مختص رقم کے خلاف ترمیمی قرارداد لانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ری پبلکن پارٹی گوانتانامو فوجی قید خانے کی بندش کی مخالف ہے۔

بل کی کامیابی ایک طرح سے ایوانِ نمائندگان کا صدر اوباما پر اعتماد کا مظہر بھی ہے۔ امریکی صدر اوباما اور کانگریس کے ڈیمو کریٹ اراکین کا کہنا ہے کہ جنگ کے لئے علیحدہ سے پیش کیا جانے والا یہ آخری بل ہے۔ مختص رقم امریکی حکومت کے سالانہ بجٹ کا حصہ ہے۔