1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دہشت گردی کے ردعمل میں خوف اور نفرت ایک غلطی، یورپی کلیسا

مقبول ملک
13 جنوری 2017

یورپی کلیسائی رہنماؤں نے پیرس میں اپنی ایک کانفرنس کے بعد کہا ہے کہ یورپی عوام کو دہشت گردی کے باعث پیدا ہونے والے خوف کی فضا سے نکلنا چاہیے کیونکہ خوف سے نفرت پیدا ہوتی ہے اور دوسروں کو رد کرنے کا جذبہ جنم لیتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2VmiP
Frankreich Terror in Paris Stade de France
’دہشت گردی ایک چیلنج ہے، جس کا جواب تقسیم کے بجائے اتحاد ہونا چاہیے‘تصویر: Reuters/Ph. Wojazer

فرانسیسی دارالحکومت سے جمعہ تیرہ جنوری کو ملنے والی نیوز ایجنسی کے این اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ بات مختلف ملکوں میں بشپس کانفرنسوں کی یورپی کونسل کی طرف سے پیرس منعقدہ پانچویں یورپی کیتھولک آرتھوڈوکس فورم کے اختتام پر آج جاری کردہ ایک بیان میں کہی گئی۔

بیان کے مطابق یورپی کلیسائی رہنماؤں نے اس دہشت گردی کے پس منظر میں، جس کا جرمنی، بیلجیم اور فرانس سمیت مختلف یورپی ملکوں کو سامنا ہے، یورپی عوام سے کہا کہ وہ دہشت گردانہ حملوں کے ردعمل میں اپنے اندر پیدا ہونے والے خوف پر قابو پائیں کیونکہ خوف سے نفرت جنم لیتی ہے، یہ انسانوں کو دوسرے انسانوں کو رد کرنے پر مجبور کر دیتی ہے اور اس کا نتیجہ بنیاد پرستی کی صورت میں نکلتا ہے۔

جرمنی سے مذہبی شدت پسند مہاجرین کی ملک بدری میں مشکلات

استنبول حملہ: دہشت گردی کے خلاف جنگ آخر تک، ایردوآن

’جرمن مسلم تنظیمیں بھی اسلام پسندانہ دہشت گردی پر نظر رکھیں‘

کرسمس مارکیٹ پر حملہ: ایک دن، جو جرمنی کو بدل دے گا، تبصرہ

اس بیان میں یورپی بشپس کی کانفرنسوں کی اس کونسل (CCEE) کے صدر کارڈینل انگیلو باگناسکو نے کہا، ’’یورپی معاشروں کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو مختلف سماجی گروپوں یا ریاستوں کی خود کو محصور کر لینے کی سوچ اور رجحانات سے دور رکھیں اور اپنے اندر پیدا ہونے والے خوف کے جذبات پر قابو پائیں۔‘‘

Belgien Polizisten vor dem Justizpalast in Brüssel
بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں متعدد خونریز دہشت گردانہ حملوں کے بعد قصر انصاف کے باہر ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکارتصویر: Getty Images/AFP/Belga/N. Lambert
Frankreich Terror in Paris Bataclan
پیرس کے ایک کنسرٹ ہال پر دہشت گردانہ حملے کے بعد کا منظرتصویر: Reuters/C. Hartmann

اسی دوران یورپی آرتھوڈوکس مسیحیوں کے ایک اعلیٰ نمائندے کے طور پر برسلز کے آرتھوڈوکس میٹروپولٹ اتھیناگوراس نے بھی یہی کہا کہ سماجی عدم تحفظ کے احساس اور دہشت گردی کے ماحول میں کلیساؤں کو اپنی وہ تمام کوششیں کرنا چاہییں، جن کی مدد سے یورپی انسانی اور معاشرتی اقدار کا تحفظ کیا جا سکے۔

یورپی معاشروں میں حالیہ برسوں میں کیے جانے والے دہشت گردانہ حملوں کے اجتماعی اثرات اور ان کے نتیجے میں نسل پرستانہ سوچ اور دائیں بازو کی انتہا پسند جماعتوں کی مقبولیت میں اضافے جیسے عوامل کے خلاف خبردار کرتے ہوئے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دہشت گردی ایک چیلنج ہے، جس کا جواب ’تقسیم کے بجائے اتحاد‘ ہونا چاہیے۔

اس کلیسائی بیان کے مطابق یورپی عوام کو دہشت گردوں سے خوف کے مقابلے میں خود اپنے خوف زدہ ہونے کی حالت سے خوف کھانا چاہیے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’’ایسے معاشرے جو خوف کی فضا، شکوک و شبہات اور بداعتمادی کی بنیادوں پر کام کرتے ہیں، زوال کا شکار ہو جاتے ہیں۔‘‘