1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دیوار برلن کے انہدام کی سالگرہ اور ’وال آف ساؤنڈ‘

رپورٹ: مقبُول ملک ، ادارت : عابد حسین22 ستمبر 2009

نو نومبر کو جرمن دارالحکومت میں دیوار برلن کے خاتمے کی بیسویں سالگرہ کے موقع پر دو سو سے زائد موسیقاروں کی مدد سے ایک ایسی ’وال آف ساؤنڈ‘ بنائی جائے گی جس کا مقصد اس تاریخی دن کو ایک منفرد انداز میں یاد گار بنانا ہے۔

https://p.dw.com/p/JlzK
بیس سال قبل دیوارِ برلن توڑنے کا عملتصویر: AP

ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں ڈچ روک بینڈ Noir کے ایک رکن دُووے ڈائکسٹرا نے جرمن خبر ایجنسیDPA کو بتایا کہ دیوار برلن کے انہدام کی بیسویں سالگرہ کے روز برلن میں کل 206 گٹارسٹ اس طرح اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے کہ یوں جیسے آج کے برلن میں ایک دن کے لئے ’وال آف ساؤنڈ‘ تعمیر کی جا سکے گی۔

Deutsche Kammerphilharmonie Bremen
جرمن ساز نوازوں کا جتھہتصویر: picture-alliance/ dpa/dpaweb

اس منفرد میوزیکل پروجیکٹ کے دوران یہ سبھی موسیقار ایک ایسی نئی دھن بجائیں گے جو خاص طور پر جرمن دارالحکومت میں عشروں تک قائم رہنے والی دیوار اور اس دیوار کے ساتھ ہی سرد جنگ کے خاتمے کے تاریخی واقعات کی مناسبت سے تیار کی گئی ہے۔

دُووے ڈائکسٹرا کے بقول اس موقع پر سات منٹ دورانیے کے ایک ایسے گیت کی دھن بجائی جائے گی جس میں دیوار برلن کی تعمیر، اس کی سالہا سال تک موجودگی اور پھر بالآخر اس کے خاتمے سمیت سبھی تاریخی حوالے ملتے ہیں۔ اس پرفارمنس کو پانچ ماہر میوزک ڈائریکٹر کنڈکٹ کریں گے اور اس میں حصہ لینے والے دو سو سے زائد فنکار ماضی میں دیوار برلن کے تاریخی راستے پر بیٹھے ہوئے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

DJ Shantel
پیانو اکارڈین بجاتا ہوا ایک ساز نوازتصویر: dpa

روک موسیقی کے ڈچ بینڈ Noir کے رکن ڈائکسٹرا نے پیر کی رات بتایا کہ اب تک اس کنسرٹ میں حصہ لینے کے لئے 170 ڈچ گٹارسٹ رجسٹریشن کروا چکے ہیں اور اب Noir کو اس شو میں حصہ لے سکنے والے جرمن گٹار نواز فنکاروں کی تلاش ہے۔

اس کنسرٹ میں شمولیت سے پہلے حصہ لینے والے فنکاروں کو پریکٹس کے لئے کافی وقت دینے کی خاطر ہالینڈ کے اس میوزک بینڈ نے اپنا ’وال آف ساؤنڈ‘ کے لئے تیار کردہ تکنیکی طور پر بہت سادہ سا گیت ابھی سے YouTube نامی انٹرنیٹ ویب سائٹ پر مہیا کر دیا ہے تاکہ ہر گٹارسٹ اس گیت کی دھن بجانے کی جتنی چاہے مشق کر سکے۔

اس ڈچ میوزک بینڈ کے چار میں سے تین رکن شمالی ہالینڈ کے اس شہر لیوواردین کی اکیڈیمی آف پاپ کلچر کے طالب علم ہیں اور ان چاروں فنکاروں نے ’وال آف ساؤنڈ‘ نامی کنسرٹ کا تصور اسی سال مئی میں برلن کی شہری انتظامیہ کو پیش کیا تھا جس پر بہت حوصلہ افزا رد عمل کے بعد اب اس منصوبے کو نو نومبر کا عملی شکل دی جائے گی۔