1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راوالپنڈی خودکش حملہ، ہدف پھر سرکاری اہلکار

2 نومبر 2009

راوالپنڈی میں پاکستانی فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز سے چند سوگز کے فاصلے پر واقع قومی بینک کے باہر خودکش حملے میں مارے جانے والے زیادہ تر افراد کا تعلق عسکری اداروں سے تھا۔

https://p.dw.com/p/KLli
حملے میں کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوئےتصویر: AP

اس سے پہلے فروری2008ء میں پاکستانی فوج کے سرجن جنرل مشتاق بیگ، آئی ایس آئی کے ملازمین کی بسوں اور 10 اکتوبر کو جنرل ہیڈکوارٹر پر حملے بھی اسی حساس علاقے میں ہوئے۔ تازہ ترین حملے کے بعد عام شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس اور بھی بڑھ گیا ہے کیونکہ جنوبی وزیرستان میں7 اکتوبر کو فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک مختلف شہروں میں ہونے والے نصف درجن حملوں میں کم از کم 300 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ راولپنڈی بھی اب دہشت گردوں کا خاص ہدف بن چکا ہے :’’جنوبی وزیرستان میں دہشت گرد اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں لیکن زیادہ تر اس علاقے سے نکل چکے ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے، جیسے یہ پہلے سے طے ہو کہ اگر ہمیں اپنے علاقے چھوڑنے پڑے تو ہم شہروں کا رخ کریں گے۔ دہشت گردوں کو اپنا ہدف حاصل کرنے کے لئے سب سے آسان شہر پشاور اور راولپنڈی ہیں جہاں وہ آسانی سے اپنے مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچا سکتے ہیں۔‘‘

anschlag in rawalpindi Pakistan
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیںتصویر: dpa

دوسری طرف فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے سوموار کے روز صحافیوں کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ کر کنی گرام کے علاقے کو بھی ازبک جنگجوئوں سے پاک کر کے سرکاری عملداری قائم کر لی گئی ہے: ’’کنی گرام اب بالکل خالی اور محفوظ ہے فوج نے اس کا مکمل کنٹرول سنبھال رکھا ہے۔ یہاں پر دو اسلحہ ساز فیکٹریاں بھی ملی ہیں جن پر قبضہ کر کے صاف کیا جا رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ اسلحے اور بارود سے بھرے پانچ ٹرک جنہیں دہشت گرد ملک کے دیگر حصوں میں لے جانا چاہتا تھے، قبضے میں لے کر ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔‘‘

لیکن دہشت گردوں کے خلاف کامیابیوں کے سرکاری دعوؤں کے باوجود عسکریت پسند شہری اہداف پر حملوں کے ذریعے مسلسل یہ پیغام دے رہے ہیں کہ سوات ہو یا جنوبی وزیرستان ان کی وہاں سے پسپائی کا مقصد ان کی شکست نہیں اور یہ کہ وہ اپنے مقاصد کی تکمیل کےلئے مخصوص اہداف کو نشانہ بناتے رہیں گے۔

رپورٹ : امتیازگل، اسلام آباد

ادارت : عاطف توقیر