1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

راولپنڈی میں دھماکے اور فائرنگ، 40 افراد ہلاک

4 دسمبر 2009

پاکستانی شہر راولپنڈی میں تین بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم40 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ تاہم ہلاک شدگان کی تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/Kq7d
تصویر: picture-alliance/ dpa

پولیس کے مطابق مشتبہ عسکریت پسندوں نے فوجی ہیڈکوارٹرز سے ملحقہ ایک مسجد پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے فوراً بعد ہی دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے بتایا کہ مسجد پر گولیاں چلائی گئی ہیں اور دھماکے بھی ہوئے ہیں۔ فوجی ترجمان نے تاہم اس واقعے میں شامل مشتبہ شدت پسندوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات نہیں دیں۔

سیکیورٹی فورسز کے دستوں نے علاقے کو چاروں جانب سے گھیرے میں لے رکھا ہے جبکہ اس موقع پر ہیلی کاپٹر بھی فضائی گشت کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں پاکستانی فوج کا ہیڈکوارٹرز واقع ہے۔ فوج اس وقت طالبان کے گڑھ تصور کئے جانے والے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کےخلاف آپریشن میں مصروف ہے۔ بعض اطلاعات کے مطابق تحریک طالبان کے متعدد عسکریت پسند فوجی آپریشن سے بچنے کے لئے جنوبی وزیرستان سے دوسرے علاقوں کا رخ کرچکے ہیں۔ اکتوبر میں فوجی وردیوں میں ملبوس مشتبہ طالبان عسکریت پسندوں نے راولپنڈی فوجی ہیڈکوارٹرز پر حملہ کردیا تھا۔

رپورٹ : گوہر نذیر گیلانی

ادارت : عاطف توقیر