1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رشتہ داری نہیں، میریٹ کی بنیاد پر منتخب ہوا، عمران فرحت

26 اکتوبر 2009

پاکستانی کرکٹر عمران فرحت نے ٹیم میں واپسی کو رشتہ داری کے بجائے میرٹ پر سلیکشن کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہیں آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے ٹیم میں لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/KF7i
تصویر: AP

اس پر ملکی ذرائع ابلاغ نے انہیں آڑھے ہاتھوں لیتے ہوے الزام لگایا ہے کہ وہ سلیکشن کمیٹی میں موجود اپنے سسر کے اثر ورسوخ کی وجہ سے ٹیم میں شامل کئے گئے۔

واضح رہے کہ 27 سالہ عمران فرحت موجودہ سلیکٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس کے داماد ہیں۔ عمران فرحت نے ڈوئچے ویلے ریڈیو کو دیے گئے انٹرو یو میں کہا کہ وہ کوئی نئے کھلاڑی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آفیشلز کے ساتھ رشتہ داری کوئی انوکھی بات نہیں۔ ماضی میں بھی سلیکٹرز اور چیئرمین کرکٹ بورڈ کے بیٹے قومی ٹیم کی جانب سے کھیل چکے ہیں جبکہ سلیکشن کمیٹی میں دوسرے بھی سلیکٹرز موجود ہیں ۔ چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے حال ہی میں خود مجھے کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں سینچری اسکور کرتے ہوئے دیکھا اور اپنی تسلی کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہر طرز کی کرکٹ میں میری کارکردگی ہر ایک کے سامنے ہے اس لئے کسی کو ٹیم میں شمولیت پر اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔

Pakistan cricketers and team
عمران فرحت انڈین کرکٹ لیگ میں شمولیت کے لئے ٹیم سے نکل گئے تھےتصویر: AP

یاد رہے کہ عمران فرحت نے ڈھائی برس پہلے سلیکٹرز کی رویے سے دلبرداشتہ ہو کر انڈین کرکٹ لیگ ( آئی سی ایل ) جوائن کر لی تھی تاہم آئی سی ایل سے رشتہ توڑنے کے بعد رواں کیلنڈر ائیر میں انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تین سینچریاں اسکور کیں۔

عمران فرحت نے کہا، 'میرے سسر نے کہا تھا کہ وہ میرے لئے سلیکشن کمیٹی چھوڑ نے کو تیار ہیں، جس پر میں نے ان سے کہا کہ وہ صرف کارکردگی کی بنیاد پر مجھے منتخب کریں اور پھردوسرے سلیکٹرز بھی تو کمیٹی میں موجود ہیں ۔

عمران فرحت نے کہا کہ وہ زندگی میں کبھی ایسی تنقید سے پریشان نہیں ہوئےاور ٹیم سے باہر رہ کر جو کچھ سیکھا ہے اسے بروئے کار لانے اور پاکستان کو فتح یاب کرانے کی کوشش کریں گے۔ عمران نے کہا کہ اب کی مرتبہ وہ ایک مختلف روپ میں دکھائی دیں گے۔

دوسری جانب رکن سلیکشن کمیٹی اور عمران فرحت کے سسر محمد الیاس نے بتایا کہ انہیں ایسی خبروں کی اشاعت کی کوئی پروا نہیں کیونکہ عمران کی سلیکشن ان کی کاکردگی کی مرہون منت ہے۔

رپورٹ: طارق سعید، لاہور

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید