1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روایتی حریف جرمنی اور انگلینڈ پھر آمنے سامنے

24 جون 2010

جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں جنوبی افریقہ میں جاری فیفا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہیں تاہم اب ناک آوٴٹ سٹیج میں یہ روایتی حریف ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔

https://p.dw.com/p/O1Ol
تصویر: AP

سن 1966ء کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ نے مغربی جرمنی کی ٹیم کو شکست دی تھی۔ اس بار جرمن ٹیم انگلینڈ کے خلاف ناک آؤٹ میچ جیت کر کچھ پرانا حساب چکانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

انیسویں عالمی کپ کے پہلے مرحلے میں جرمن فُٹ بال ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل کی کمی نظر آئی۔ اپنے پہلے گروپ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف چار گول داغنے والی جرمن ٹیم دوسرے میچ میں سربیا کے آگے بے بس نظر آئی اور اسے شکست کا مزہ چھکنا پڑا۔ گروپ ڈی کے اپنے تیسرے میچ میں اس نے گھانا کے خلاف ایک گول سے فتح تو حاصل کی مگر اس کی کارکردگی توقعات کے بر عکس رہی۔ جرمنی کو گھانا کے خلاف آسانی سے جیت نصیب نہیں ہوئی۔ تین میں سے دو میچ جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کرنے والی جرمن ٹیم بہرحال اپنے گروپ میں سر فہرست رہی۔

WM Südafrika 2010 Ghana vs Deutschland Flash-Galerie
اب تک جرمن ٹیم کی کارکردگی بھی متاثر کن نہیں رہیتصویر: AP

دوسری طرف گروپ سی میں انگلینڈ کی کارکردگی بھی اب تک کچھ زیادہ متاثر کن نہیں رہی ہے۔ انگلینڈ نے اپنے پہلے دو گروپ میچ برابری پر ختم کئے جبکہ تیسرے میں اسے ایک گول سے کامیابی نصیب ہوئی۔ انگلینڈ پانچ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے راوٴنڈ کے لئے کوالیفائی کر گیا۔

اب ٹورنامنٹ کے ناک آوٴٹ مرحلے میں اتوار کے روز جرمنی کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ ہوگا۔ جو ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرے گی۔

انگلینڈ ٹیم کے اطالوی کوچ فابیو کاپیلو سلووینیا کے خلاف جیت کے بعد کافی خوش، پُرجوش اور مطمعن نظر آئے۔ دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کے بعد انگلش ٹیم کے کوچ نے راحت کی سانس بھی لی۔’’یہ ہے وہ ٹیم جسے میں جانتا ہوں۔ سلووینیا کے خلاف ہم جس جذبے کے ساتھ کھیلے، پہلے دو میچوں میں اس کی شدید کمی نظر آئی۔‘‘ فابیو کاپیلو نے اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی کی زبردست ستائش کرتے ہوئےکہا: ’’ٹیم کی پرفارمنس واقعی بہت عمدہ تھی۔ ہم نے دوسرے گول کے لئےکئی مواقع پیدا کئے لیکن ایسا ممکن نہیں ہوا۔ سلووینیا کے خلاف جیتنا بہت ہی اہم تھا۔‘‘

دوسری جانب جرمن ٹیم کے کوچ نے یہ پیشین گوئی کی ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ بڑا ہی زبردست ہوگا۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید