1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس اور جارجیا کے تنازعے پر فلم

6 جون 2011

روس اور جارجیا کے مابین 2008ء میں ہونے والی مختصر جنگ کے موضوع پر بنائی گئی فلم تبلیسی میں نمائش کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔ اس فلم کے پریمیئر شو میں ہالی وُڈ کے ستاروں اینڈی گارسیا اور شیرون سٹون نے بھی شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/11UuI
فلم اسٹار شیرون سٹونتصویر: AP

Five Days of August نامی اس فلم میں ہالی وُڈ کے معروف ڈائریکٹر رینے ہارلین نے ہدایتکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ جارجیا کے ایک وزیر اس فلم کے معاون پروڈیوسر ہیں۔ اس فلم میں 2008ء میں روس اور جارجیا کے مابین ہونے والی پانچ روزہ مختصر جنگ کو موضوع بنایا گیا ہے۔ اس فلم کی کہانی سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس تنازعہ کی وجہ روسی جارحیت تھی۔

جارجیا کے صدر میخائیل ساکاشویلی کا کردار نبھانے والے اداکار گارسیا نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ فلم پروپیگنڈے کی خاطر نہیں بنائی گئی،’ یہ جنگ مخالف فلم ہے‘۔ گاڈ فادر تھری میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد کیے گئے ہالی وُڈ کے ستارے گارسیا نے اتوار کو تبلیسی میں پریس کانفرنس کے دوران کہا،’ ہم المناک واقعات کو اس امید سے دیکھتے ہیں کہ وہ دوبارہ رونما نہیں ہوں گے‘۔

ڈائی ہارڈ 2 اور کلف ہینگر جیسی معروف فلموں میں ہدایتکاری کے جوہر دکھانے والے ہالی وُڈ کے ڈائریکٹر ہارلین نے کہا ہے کہ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک چھوٹا سا ملک اپنی آزادی کے لیے کس طرح لڑتا ہے، ’اس فلم کی تیاری، میری زندگی اور کیریئر کا ایک بہترین تجربہ تھا‘۔

Sanremo Musik Festival 2011 Andy Garcia
جارجیا کے صدر میخائیل ساکاشویلی کا کردار نبھانے والے اداکار گارسیاتصویر: DW

جارجیا کے وزیر اور اس فلم کے معاون پروڈیوسر Mirza Davitaia نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کی کہانی حقائق پر مبنی ہے،’ یہ فلم انسانی حقوق کے ادارے ہیومن رائٹس واچ کی بین الااقوامی رپورٹوں اور یورپی یونین کی طرف سے جمع کیے گئے حقائق کی روشنی میں بنائی گئی ہے‘۔ اس فلم کی تیاری کے لیے تبلیسی حکومت نے ہارلین کو اپنے ٹینک، فوجی اور ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت بھی دی تھی تاہم ایسی خبروں کو مسترد کر دیا گیا تھا کہ یہ فلم بنانے کے لیے پیسہ بھی اس نے دیا ہے۔

اگرچہ فلم اسٹار شیرون سٹون نے اس فلم میں اداکاری نہیں کی تاہم وہ اتوار کو تبلیسی میں ہونے والے پریمیئر شو میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر جارجیا گئیں۔ اس دوارن انہوں نے اس جنگ سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کی مہم میں بھی حصہ لیا۔

دوسری طرف متعدد لوگوں نے اُس ہوٹل کے باہر اس فلم کے خلاف مظاہرہ کیا، جہاں سٹون اور گارسیا ٹھہرے ہوئے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرکاری نظریات کے فروغ کے لیے رقم ضائع کی جا رہی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ 2009ء میں ایک روسی فلمساز نے اسی موضوع پر ایک فلم بنائی تھی۔ اولمپس انفرنو نامی اس فلم میں روسی فوج کی طرف سے طاقت کے استعمال کو جائز دکھایاگیا تھا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں