1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس اور جرمنی کے درميان براہ راست گيس پائپ لائن

3 نومبر 2011

بحر شمالی ميں بچھائی جانے والی ايک پائپ لائن کے ذريعے جرمنی براہ راست روسی معدنی گيس درآمد کر سکے گا۔ يہ پائپ لائن ہر سال 55 ارب کيوبک ميٹر گيس روس سے جرمنی منتقل کرے گی۔

https://p.dw.com/p/134Lx

بحر شمالی کی تہہ ميں بچھائی جانے والی نارتھ اسٹريم گيس پائپ لائن سے روسی معدنی گيس کی يورپی يونين کو برآمد کے بالکل نئے امکانات پيدا ہوئے ہيں۔ اس سے پہلے روس میں توانائی کا رياستی ادارہ ’گيس پروم‘ يوکرائن اور بيلا روس سے گذرنے والی صرف زمينی پائپ لائن ہی کے ذريعے يورپی يونين کو گيس فراہم کر رہا تھا۔ ليکن نارتھ اسٹريم گيس پائپ لائن اب روس کو براہ راست جرمنی سے جوڑ دے گی۔

روس کے شہر وائی بورگ سے جرمن شہر لُبمين تک گيس کی يہ پائپ لائن 1224 کلو ميٹر طويل ہے۔ پائپ لائن کی دو شاخيں ہيں اور دوسری شاخ کی تعمير ابھی مکمل نہيں ہوئی۔ اس پائپ لائن سے سالانہ 55 ارب کيوبک ميٹر گيس منتقل ہو گی۔ پچھلے سال گيس پروم نے جرمنی کو 35 ارب کيوبک ميٹر معدنی گيس فراہم کی تھی۔ نارتھ اسٹريم کمپنی کے مطابق اس پائپ لائن پر 7.4 ارب يورو کی لاگت آئی ہے، جو ابتدائی اندازے سے دوگنا زيادہ ہے۔

گيس کے پائپ بحر شمالی کی تہہ ميں بچھائے جانے کے ليے تيار
گيس کے پائپ بحر شمالی کی تہہ ميں بچھائے جانے کے ليے تيارتصویر: Nord Stream AG

روسی معدنی گيس کی جرمنی کو فراہمی کے لیے دونوں ممالک کو بحر شمالی کی تہہ ميں بچھائی جانے والی گيس پائپ لائن کے ذريعے براہ راست ملانے کے منصوبے سن 1990 کے عشرے ميں تيار کيے گئے تھے۔ اس کی تجويز روس کی معدنی گيس کی واحد فرم گيس پروم کی طرف سے پيش کی گئی تھی۔ سن 2000 ميں يورپی يونين نے يہ فيصلہ کيا کہ ايک نئی پائپ لائن کی تعمير اُس کے فائدے ميں ہے۔ اس پائپ لائن کے حق ميں دو دلائل تھے: پہلے تو يہ کہ يورپ ميں معدنی گيس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے ليے يہ پائپ لائن اضافی گيس فراہم کرے گی۔ دوسرے يہ کہ يہ پائپ لائن يوکرائن اور بيلا روس سے ہو کر نہيں گذرے گی۔

نارتھ اسٹريم پائپ لائن، روس سے جرمنی تک
نارتھ اسٹريم پائپ لائن، روس سے جرمنی تک

پانچ سال بعد برلن اور ماسکو کے سياسی دباؤ سے يہ منصوبہ ٹھوس شکل اختيار کرنے لگا۔ نارتھ اسٹريم پائپ لائن تعمير کرنے والی فرم کا نام بھی يہی ہے اور وہ روسی فرم گيس پروم اور جرمن فرموں BASF اور E.ON Ruhr گيس کا مشترکہ طور پر قائم کردہ ادارہ ہے۔ ان دونوں جرمن فرموں ميں سے ہر ايک کا نارتھ اسٹريم پائپ لائن ميں حصہ 15.5 فیصد بنتا ہے۔ اس کے علاو ڈچ فرم Gasunie اور فرانسيسی فرم GdF Suez ميں سے ہر ايک کا اس کمپنی میں شيئر نو فيصد ہے۔ نارتھ اسٹريم گيس پائپ لائن کی نگران اعلیٰ ترین انتظامی مجلس کے سربراہ جرمنی کے سابق وفاقی چانسلر گیرہارڈ شروئڈر ہيں۔

رپورٹ: يورين وياچیسلاف / شہاب احمد صديقی

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں