1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس میں اقربا پروری کی نئی مثال

عابد حسین30 دسمبر 2015

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے داماد ایک کمپنی کے بڑے حصہ دار ہیں۔ اس کمپنی کو پونے دوارب ڈالر کا قرضہ سرکار نے دیا ہے۔ اتنا بڑا قرضہ مارکیٹ سے کہیں زیادہ شرح سود پر فراہم کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HWBi
روسی صدر کی بیٹی کاتیرینا ٹیخونوواتصویر: Reuters/J. Dabrowski

کاتیرینا ٹیخونووا روسی صدر ولادیمیر کی چھوٹی بیٹی ہیں۔ وہ صدر پوٹن کے انتہائی گہرے دوست نکولائی شاملوف کے بیٹے کیرل شاملوف سے بیاہی ہوئی ہیں۔ نکولائی شاملوف روس کے بڑے بینک روسییا کے شیئرز ہولڈر ہیں۔ حال ہی میں ماسکو حکومت کی منظوری سے کیرل شاملوف کو اُن کے کاروبار میں وسعت دینے کے لیے پونے دو ارب ڈالر کا قرضہ دیا گیا ہے۔ یہ قرضہ مارکیٹ میں مروجہ شرح سود سے انتہائی کم سطح پر فراہم کیا گیا ہے۔

شاملوف روس کی بڑی پیٹرو کیمیکل کمپنی سیبُور کے نمایاں اور بڑے حصہ دار ہیں۔ کارپوریٹ دستاویزات کے مطابق پیٹروکیمیکل ادارہ سیبُور قرض حاصل کر سکتا ہے اور اِس کے لیے شرحِ سود سات فیصد ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کو قرضے کی دستاویزات دیکھنے کا اتفاق ہوا ہے۔ مالیاتی تجزیہ کاروں نے اندازہ لگایا ہے کہ شاملوف کے روسی صدر سے گہرے تعلق کی بنیاد پر کمپنی کو قرضہ واپس کرتے ہوئے صرف دو فیصد سود ی دینا پڑے گا اور یہ بلاشبہ انتہائی کم اور آسان شرائط پر دیا گیا سستا قرضہ قرار دیا گیا ہے۔ ایک تجزیہ کار ارٹییوم عثمانوف نے اِس کی تصدیق کی ہے کہ روس میں بینکوں سے حاصل کیے جانے والے ایسے کاروباری قرضوں کی واپسی پر مارک اپ یا سود کی شرح سات فیصد ہے۔

Russland, Wladimir Putin
روسی صدر ولادیمیر پوٹنتصویر: Reuters/M. Shipenkov

اِس قرضے کے حوالے سے جب کیرل شاملوف سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ سیبُور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو دیمتری کونوف نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ حکومت کی جانب سے اُن کی کمپنی کو آسان شرائط پر قرضہ دیا گیا ہے۔ اِس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کمپنی کو کسی حصے دار کی کسی اعلیٰ حکومتی اہلکار یا اہلکاروں کے ساتھ رشتے داری یا تعلق کے بارے میں کوئی علم نہیں ہے۔ کونوف نے مزید کہا کہ قرضہ قانون کے مطابق لیا گیا ہے اور اِس کی منظوری تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد دی گئی تھی۔ سیبُور کمپنی کو یہ قرضہ روس کے بڑے مالیاتی ادارے نیشنل ویلتھ فنڈ (NWF) سے دیا گیا ہے۔ سیبُور کمپنی نے یورپی بینکوں سے بھی تین بلین ڈالر سے زائد کا قرضہ لے رکھا ہے۔

رواں برس کے اوائل میں اِس قومی ادارے کے مالیاتی حجم کا اندازہ بہتر بلین ڈالر کے مساوی لگایا گیا تھا۔ یہ ادارہ زیادہ تر ریلوے، جوہری ٹیکنالوجی اور شاہرات کی تعمیر و توسیع میں سرمایہ کاری کے لیے وقف تھا لیکن اکتوبر میں وزیراعظم دیمتری میدویدیف نے ایک حکم جاری کر کے اِس کی سرمایہ کاری کی فہرست میں پیٹروکیمیکل صنعت کو بھی شامل کر دیا تھا۔ میدویدیف کے مطابق اِس عمل سے ملک میں روزگار کے پندرہ ہزار نئے مواقع پیدا ہونے کے علاوہ غیر ملکی امپورٹ پر انحصار کم ہو سکے گا۔