1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روم میں یونانی سفارت خانے کو بھیجے گئے پارسل بم کی تفتیش شروع

28 دسمبر 2010

اطالوی حکام نے کہا ہے کہ روم میں واقع یونان کے سفارت خانے کو بھیجے جانے والا پارسل بم، اُس انارکسٹ گروہ کی کارروائی معلوم ہوتا ہے، جس نے چلی اور سوئس سفارتخانوں کو اسی طرح سے اپنے حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

https://p.dw.com/p/zqWv
روم میں واقع یونان کا سفارتخانہتصویر: AP

اطالوی پولیس کے اعلیٰ حکام نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ بم سکواڈ ٹیم نے یونان کے سفارت خانے کو بھیجا جانے والا پارسل بم ناکارہ بنا دیا ہے جبکہ دوسرے مشتبہ پارسل سے دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا، جو وینزویلا کے سفارت خانے کے پتے پر روانہ کیا گیا تھا۔

روم پولیس کے ترجمانSalvatore Cagnazzo نےصحافیوں کو بتایا، ’یونان کے سفارت خانے کو بھیجا گیا پارسل انہی دو پارسل بموں کی طرح تیار کیا گیا تھا، جو گزشتہ ہفتے چلی اور سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانوں کو بھیجے گئے تھے۔‘

اٹلی کے ایک انارکسٹ گروہ نے چلی اور سوئس سفارتخانوں میں بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ان پارسل بموں کے دھماکوں کے نتیجے میں دونوں سفارتخانوں میں مجموعی طور پر دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد پولیس نے تمام حساس مقامات پر سکیورٹی سخت کر دی تھی۔

NO FLASH Paketbombe Botschaft Rom Italien
روم میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہےتصویر: AP

اطالوی دارالحکومت روم کے میئر Gianni Alemanno نے بتایا ہے، ’یہاں ایک دہشت گرد گروہ ہے، جو اس طرح کی حرکتیں کر کے عالمی توجہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔‘

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت روم میں سکیورٹی لیول بڑھا دیا گیا ہے اور سکیورٹی اہلکاروں کو مزید چوکنا کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یونان کے سفارتخانے میں کام کرنے والے ایک اہلکار نے اس پارسل بم کو کھول لیا تھا تاہم دھماکہ نہ ہوا اور بعد ازاں ماہر ٹیم نے اس پارسل بم کو نارکارہ بنا دیا۔

اٹلی میں تعینات یونانی سفیر نے کہا ہے کہ یہ پارسل جمعہ کے دن موصول ہوا تھا تاہم کرسمس کی چھٹیوں کی وجہ سے اسے پیر تک نہیں کھولا گیا۔ خبررساں ادارے AFP نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعہ کے بعد یونان اور اٹلی نے ذمہ دار افراد کا کھوج لگانے کے لئے مشترکہ کوشش کر دی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں