1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

رکی پونٹنگ : ٹیسٹ کرکٹ میں گیارہ ہزار رنز مکمل

رپورٹ: عابد حسین ، ادارت: کشور مصطفیٰ10 جولائی 2009

ٹیسٹ کرکٹ روایتی کرکٹ سمجھی جاتی ہے۔ اِس کو آج بھی کرکٹ کا اصل روپ خیال کیا جاتا ہے۔ اِس میں صبر اور حوصلے کے ساتھ اننگ کھیلنی ہوتی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں رکی پونٹنگ نئی تاریخ لکھنے کے اہل سمجھے جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Ikjf
رکی پونٹنگتصویر: AP

آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کپتان رِکی پونٹنگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں گیارہ ہزار رنز مکمل کر لئے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ بڑا ہدف انہوں نے ایشز ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران عبور کیا۔ اِس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی سینچریوں کی تعداد اڑتیس کر لی ہے۔ وہ ابت چھیالیس نصف سینچریاں بنا چکے ہیں۔ پونٹنگ نے ایک روزہ میچوں میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کرتے ہوئے چھبیس سینچریاں بنا ئی ہیں۔ انگلینڈ کے شہر کارڈیف کے صوفیہ گارڈنز پر پونٹنگ کی سینچری بہت اہمیت کی حامل تھی کیونکہ پچھلے کچھ میچوں میں اُن کی فارم میں قدرے کمی دیکھی گئی تھی۔

Sachin Tendulkar
بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر، بیچ میںتصویر: AP

رکی پونٹنگ کے بارے کہا جاتا ہے کہ وہ ابھی مزید دو تین سال کرکٹ کھیلنے کے قابل ہیں۔ اگر اِس دوران اُن کی فارم بہتر رہتی ہے تو وہ یقیناً سینچریوں کی نصف سینچری بنا سکتے ہیں۔ وہ آہستہ آہستہ آسٹریلوی ہی نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کے منظر نامے پر ایک لیجنڈ بنتے جا رہے ہیں۔ کپتانی میں بھی وہ اپنے سینئر کھلاڑیوں ایلن بارڈر اور سٹیو وا کے ریکارڈ کو اگلے ایک دو سالوں میں برابر کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔

اُن کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں گیارہ ہزار رنز بنانے والوں میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر ، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور سابق آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایلن بارڈر کے نام بھی شامل ہیں۔ ویسے گیارہ ہزار رنز مکمل کرنے والوں کی فہرست میں بھارتی بلے باز راہول ڈراوڈ کا نام بھی آ سکتا ہے۔ وہ دس ہزار آٹھ سو تیئیس رنز بنا چکے ہیں۔ اُن کو اِس مقام تک پہنچنے کے لئے مزید ایک سو ستتر رنز کی ضرورت ہے۔

Cricket Ashes Cup Englad Australien Juli 2009
پونٹنگ اپنے حریف کپتان اینڈریو سٹراس کے ساتھ ایشز سیریز سے قبلتصویر: AP

آسٹریلیا کے سابق مشہور ٹیسٹ کرکٹر اور کپتان ایلن بارڈر نے ایک سو چھپن ٹیسٹ میچ کھیل کر گیا رہ ہزار ایک سو چوہتر رنز بنائے تھے۔ اِس میں ستائیس سینچریاں اور تریسٹھ نصف سینچریاں شامل تھیں۔

ویسٹ انڈیز کے مشہور زمانہ بلے باز برائن لارا نے ایک سو اکتیس ٹیسٹ میچوں میں گیارہ ہزار نو سو ترپن رنز بنائے تھے۔ اِس میں چونتیس سینچریاں اور اٹھاسی نصف سینچریاں شامل ہیں۔ لارا ٹیسٹ کرکٹ میں چار سو رنز بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔

بھارت کے مشہور بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ایک سواُنسٹھ ٹیسٹ میچ میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے بارہ ہزار سات سو تہتر رنز بنائے ہیں۔ بارہ ہزار سے زائد رنز بنانے والے وہ واحد کرکٹر ہیں۔ وہ ابھی ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ اِس میں بیالیس سینچریاں اور ترپن نصف سینچریاں شامل ہیں۔ بھارتی بلے باز ٹنڈولکر نے ایک روزہ میچوں میں بھی بیالیس سینچریاں اور اکانوے نصف سیینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔