1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریحام خان کی ’جانان ‘ جلد پردہء سیمیں پر ہوگی

صائمہ حیدر5 ستمبر 2016

معروف صحافی ریحام خان کی بطور ہدایت کارہ پہلی فلم نمائش کے لیے تیار ہے۔ ریحام کا کہنا ہے کہ ان کی میڈیا میں واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک عورت کو طلاق یافتہ ہونے کی وجہ سے ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔

https://p.dw.com/p/1Jvvl
Pakistan Reham Khan Ehefrau des Politikers Imran Khan
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

پاکستان کے ایک مقامی انگریزی اخبار کو دیے گئے اپنے تازہ انٹرویو میں اس سوال کے جواب میں کہ ان کی پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے شادی اور پھر طلاق کے بعد انہیں جن حالات کا سامنا کرنا پڑا ان کے تناظر میں وہ نوجوان لڑکیوں کو کیا پیغام دینا چاہتی ہیں؟ ریحام کا کہنا تھا کہ ’’طلاق کے بعد مجھ پر الزامات لگائے گئے اور مجھے اپنی زندگی کے مشکل دور سے گزرنا پڑا لیکن میں نے اپنی لڑائی لڑی اور زندگی کی طرف واپس لوٹی‘‘۔ ریحام کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں جب ایک عورت کو طلاق ہوتی ہے تو یہی سمجھا جاتا ہے کہ غلطی عورت کی رہی ہو گی۔ اور اگر اس عورت کا تعلق میڈیا سے ہو اور اسے دو مرتبہ طلاق بھی ہو چکی ہو تو اسے معاشرے میں کتنے سوالوں کی جواب دہی کرنا پڑتی ہے اس بات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ اب ریحام خان ایک فلم کی ہدایت کارہ بھی بن چکی ہیں اور ان کی پہلی فلم ’جانان‘ عید الاضحی پر ریلیز کی جا رہی ہے۔ ریحام کے مطابق یہ ایک ہلکہ پھلکی سی رومانی فلم ہے جس میں پنجاب اور پختون ثقافت کو پیش کیا گیا ہے۔ فلم میں پیش کی جانے والی کہانی اور اس کے کردار عہد حاضر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ریحام خان نے فلم کے بارے میں مزید بتاتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے گھروں کی کہانی ہے۔ مثلاﹰ جب ایک ماڈرن پختون لڑکی ایک پنجابی سے شادی کرنا چاہے تو اس کے کیا مضمرات ہو سکتے ہیں۔ تاہم فلم میں دیگر سماجی مسائل پر بھی بات کی گئی ہے۔ فلم کی کہانی ایک پختون لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو برطانیہ سے اعلٰی تعلیم کے حصول کے بعد پاکستان واپس آتی ہے۔ اس میں مرکزی کردار ارمینہ رانا خان، بلال اشرف اور علی رحمان خان نے ادا کیے ہیں۔