1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ریو اولمپکس: ویمن فٹ بال میں گولڈ میڈل جرمن ٹیم کے نام

عابد حسین20 اگست 2016

جرمن خواتین کی فٹ بال ٹیم نے ریو اولمپکس میں سویڈن کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اولمپکس میں خواتین کے فٹ بال مقابلوں میں جرمن ٹیم نے طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jm6R
جرمن کھلاڑی جینیفر ماروشانتصویر: picture-alliance/dpa/C. Jaspersen

جرمن ویمن ٹیم نے خواتین فٹ بال ڈسپلن کے فائنل میچ میں خاص طور پر دوسرے ہاف میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جرمن ٹیم نے فائنل میں سویڈن کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اس میچ میں یورپی ویمن فٹ بال چیمپئن جرمنی کو سویڈش ٹیم کی جانب سے کسی بڑے خطرے کا سامنا کرنا ہی نہ پڑا۔ مجموعی طور پر اس میچ پر جرمن ٹیم کی گرفت بہت مضبوط رہی۔

اس میچ میں ہنگیرین نژاد جرمن کھلاڑی جینیفر ماروشان نے ابتدائی تین منٹوں کے دوران گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلا دی تھی۔ ماروشان نے بعد میں ایک زور دار کک لگائی اور بال سویڈش کھلاڑی لِنڈا سیمبرانٹ سے ٹکراتا ہوا گول میں پہنچ گیا۔ سویڈش کھلاڑی کا اپنی ہی ٹیم کے خلاف یہ گول جرمن ٹیم کے لیے فتح کا ضامن ثابت ہوا۔ پہلے گول کے بعد جرمن خواتین نے اپنی سبقت کا دفاع کرتے ہوئے سویڈش گول پر حملے بھی جاری رکھے۔

Brasilien Olympische Spiele Rio 2016 – Fußball Frauen Finale - Schweden vs. Deutschland
جرمن ویمن ٹیم گول کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: Reuters/L. Foeger

میچ کے بعد جینیفر ماروشان نے کہا کہ اولمپک گمیز میں گولڈ میڈل جیتنا ایک شاندار خواب کو حقیقت میں بدلنے کے برابر ہے۔ ماروشان نے اس کامیابی کوپوری ٹیم کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔

اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم نے کوچنگ کے منصب کو خیرباد کہنے والی کوچ سلویا نائیڈ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ نائیڈ سن 2007 سے جرمن ویمن ٹیم کی کوچ ہیں۔ ان کے دور میں جرمن ٹیم کو کئی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ نائیڈ نے جرمن ٹیلی وژن زیڈ ڈی ایف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی شاندار کامیابی اور گولڈ میڈل جیتنے پر بے حد خوش ہیں۔

سویڈن کی ٹیم نے دوسرے ہاف کے بائیسویں منٹ میں گول کیا۔ یہ گول اسٹینا بلیک اسٹینس نے کیا۔ سویڈش ٹیم نے بھی پہلی مرتبہ اولمپک کھیلوں میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ سویڈش کپتان ہیڈوش لِنڈال نے جرمن ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیا۔ ویمن فٹ بال میں برازیل کی خواتین نے کینیڈا کی ٹیم کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

جرمنی فٹ بال میں ڈبل گولڈ میڈل جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔ اس کی مردوں کی ٹیم بھی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ جرمن ٹیم یہ فائنل آج ہفتے کے روز برازیل کے خلاف کھیلے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید