1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 زبیدہ آپا اب ہم میں نہیں رہیں

بینش جاوید
5 جنوری 2018

پاکستان کی نامور کوکنگ ایکسپرٹ اور میڈیا کی اہم شخصیت زبیدہ طارق گزشتہ شب کراچی میں وفات پا گئیں۔ اپنے منفرد انداز، گھریلو ٹوٹکوں اور مزیدار کھانوں کی تراکیب کے باعث وہ پاکستانی عوام میں خاصی مقبول تھیں۔

https://p.dw.com/p/2qONa
Pakistan Zubaida Tariq
تصویر: Ailia Javed

زبیدہ طارق 4 اپریل سن 1945 میں حیدر آباد دکن کے ایک پڑھے لکھے اور مہذب خاندان میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ اپنے نو بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ زبیدہ طارق خود تو ایک انتہائی باوقار شخصیت کی مالک تو تھیں لیکن ان کے خاندان میں سبھی اعلیٰ پائے کے فنکار، ادیب اور مصور تھے۔ نامور ڈرامہ نگار  فاطمہ ثریا بجیا، عالمی شہرت یافتہ شاعرہ زہرہ نگاہ  اور ڈیزائنر صغریٰ کاظمی ان کی بہنیں اور پاکستان کے نامور ادیب انور مقصود ان کے بڑے بھائی تھے۔

سن 1990 کی دہائی میں زبیدہ طارق نے میڈیا میں کام کرنا شروع اور بہت جلد ہی اپنے گھریلو ٹوٹکوں اور مزیدار کھانوں کی تراکیب کے باعث وہ کافی مقبول ہو گئی تھیں۔ ان کے نامور پراگراموں میں ’ڈالڈا کا دسترخوان‘ اور ’ہانڈی‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھی وہ کئی ٹی وی پروگراموں میں شرکت کر چکی تھیں۔ وہ بہت عرصے تک ریڈیو سے بھی منسلک رہیں۔ زبیدہ طارق اپنی رنگ برنگی ساڑھیوں، چوڑیوں اور اپنے منفرد رکھ رکھاؤ کے باعث خواتین میں  بےپناہ مقبولیت رکھتی تھیں۔

Pakistan Zubaida Tariq
زبیدہ طارق 4 اپریل سن 1945 میں حیدر آباد دکن کے ایک پڑھے لکھے اور مہذب خاندان میں پیدا ہوئی تھیںتصویر: Ailia Javed

ان کی وفات پر دنیا بھر میں ان کے چاہنے والے افسردہ ہیں۔ ٹوئٹر کی ایک صارفہ نے انہیں یاد کرتے ہوئے لکھا،’’ زبیدہ آپا کی شخصیت کسی تعارف و تعریف کی محتاج نہیں، آپا جیسے لوگ صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔‘‘ ایک اور صارف نے اس نامور شخصیت کے بارے میں لکھا،’’ اپنے منفرد سٹائل سے دلوں میں گھر کرنے والی ماہر امور خانہ داری زبیدہ آپا ہم سب کو اداس کر گئیں۔‘‘ ڈی ڈبلیو اردو کی سربراہ کشور مصطفیٰ نے اپنے فیس بک پیج پر زبیدہ طارق کو ان الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا،’’ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ یہ ہماری ثقافت اور تہذیب کی علامت رہیں گی۔‘‘

Pakistan Zubaida Tariq
کشور مصطفیٰ کراچی میں زبیدہ طارق کے ریڈیو پروگرام میں شریک ہوئی تھیںتصویر: Kishwar Mustafa

معروف فلم سٹار ماہرہ خان نے لکھا،’’ میں زبیدہ آپا کو بچپن سے دیکھ رہی تھی۔ ان کا دل محبت سے بھرا ہوا تھا۔‘‘ ٹی وی شو کی میزبان شائستہ لودھی نے لکھا،’’ آپ کی رحم دلی، حاضر دماغی اور سادگی ہمیشہ یاد آئے گی۔‘‘ عمر شریف نے زبیدہ آپا کی یاد میں لکھا،''وہ صرف ایک انسان نہیں تھیں بلکہ نفاست اور اخلاقیات کا ایک ادارہ تھیں۔‘‘

ممتاز پاکستانی ڈرامہ نگار فاطمہ ثریا بجیا سفر آخرت پر روانہ