1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق تھائی خاتون وزیر اعظم امکاناﹰ فرار، وارنٹ گرفتاری جاری

عابد حسین
25 اگست 2017

تھائی سپریم کورٹ نے سابق خاتون وزیراعظم یِنگ لَک شناوترا کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔ خاتون وزیراعظم کو غفلت برتنے کے الزام کا سامنا ہے اور اس الزام کے تحت انہیں دس برس تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/2iq91
Thailands Ex-Regierungschefin Yingluck soll wegen Korruption angeklagt werden
تصویر: picture-alliance/dpa/EPA/N. Sangnak

تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم پراوت وونگسُووان کا کہنا ہے کہ اُنہیں سابق خاتون وزیر اعظم یِنگ لَک شناوترا کے بارے میں ان کی ملک میں موجودگی یا کسی ٹھکانے کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر دیا گیا ہے، جب سابق وزیر اعظم آج پچیس اگست کو ملکی سپریم کورٹ میں اپنے خلاف مقدمے کے فیصلے کے وقت موجود نہیں تھیں۔

’جمہوریت مر گئی‘، پابندی کے بعد شناوترا کی پکار

تھائی لینڈ میں سیاسی عدم استحکام جاری

تھائی لینڈ: فیس بُک پرعارضی پابندی، شناوترا مخالف مشیران مقرر

تھائی لینڈ کا سیاسی بحران

یہ مقدمہ شناوترا کی سن 2014 میں حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد قائم ہونے والی فوجی حکومت نے قائم کیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق کسانوں کو چاول کی قیمتوں پر دی جانے والی رعایت کے معاملے پرخاتون وزیراعظم کی غفلت نے ملکی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا تھا۔ یِنگ لَک شناوترا اپنے اوپر عائد الزامات کی صحت سے انکار کر چکی ہیں۔

اُن کی عدم موجودگی کے تناظر میں سپریم کورٹ کے جج نے یہ ریمارکس دیے کہ وہ امکاناً ملک سے فرار ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب اُن کی سیاسی جماعت کے اہم رکن نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ وہ یقینی طور پر ملک سے باہر جا چکی ہیں۔ اب کس ملک اور مقام پر ہیں، اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق پچاس سالہ خاتون سیاستدان کے ترجمان نے بھی کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

Thailand Proteste wegen Haftbefehl gegen Yingluck Shinawatra
ینگ لک شناوترا کو تھائی لینڈ میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہےتصویر: Reuters/J. Silva

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ وہ یِنگ لَک شناوترا کے حتمی ٹھکانے بارے میں کوئی بھی جواب دینے سے قاصر ہیں۔ سپریم کورٹ نے خاتون سیاستدان کی عدالت میں حاضر نہ ہونے کی کوئی بھی وجہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اُن کی حاضری کو لازمی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

سپریم کورٹ نے عدالتی کارروائی ملتوی کرتے ہوئے فیصلہ سنانے کی نئی تاریخ 27 ستمبر مقرر کی ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ینگ لک شناوترا کے خلاف ممکنہ عدالتی فیصلے کے تناظر میں تھائی لینڈ میں پایا جانے والا سیاسی عدم استحکام بڑھ جائے گا۔