1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت میں طلبی

22 جولائی 2009

پاکستان کی سپریم کورٹ کے چودہ رکنی بینچ نے سابق صدر اور ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کو 29 جولائی کو عدالت میں طلب کیا ہے تاکہ وہ ہنگامی صورتحال نافذ کرنے کے حوالے سے اپنی صفائی پیش کر سکیں۔

https://p.dw.com/p/IvIX
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سابق فوجی حکمران کو عدالت میں پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہےتصویر: AP

بدھ کے روز 3 نومبر 2007ءکی ہنگامی حالت کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوئی جب اٹارنی جنرل لطیف کھوسہ نے اس کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کا دفاع نہ کرنے کا عندیہ دیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس افتخار چوہدری نے یہ کہہ کر جنرل مشرف کو آئندہ ہفتے عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا کہ کسی بھی شخص کی عدم موجودگی میں اس کی مذمت کرنا مناسب نہیں۔ بعد ازاں سابق اٹارنی جنرل اور جنرل مشرف کے قریبی ساتھی ملک محمد قیوم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صدر مشرف نے رابطہ کیا تووہ ان کی جگہ عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں: ’’ سپریم کورٹ کا یہ بہت اچھا اقدام ہے کیونکہ مخالف فریق کا یہ کہنا ہے کہ جنرل مشرف نے اپنے دور اقتدار میں قومی اور ملکی مفاد سے قطع نظر اپنی ذات کے لئے اقدامات اٹھائے تھے۔ جہاں کسی کی ذات کے خلاف بات ہو یہ مسلمہ قانون ہے کہ وہ آ کے اپنا دفاع کر سکے۔“

دوسری طرف قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ عدالت کی طرف سے جنرل مشرف کو طلب کرنا ان کو محض اپنی صفائی کا موقع دینا ہے اور اگر وہ عدالت میں پیش نہ بھی ہوئے تو بھی ان کا یہ اقدام توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آئے گا۔ اس حوالے سے سابق جج سمیع الدین احمد نے بتایا : ’’ اگر جنرل مشرف اپنا موقف عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں تو یہ ان کے لئے ایک موقع ہے اگر وہ ایسا نہیں بھی کرتے تو یہ ان کی مرضی ہے۔ اگر وہ اپنا موقف عدالت کے سامنے پیش نہیں کرتے تو اس کے بعد وہ عدالتی کارروائی کو اس بنیاد پر چیلنج نہیں کر سکتے کہ مقدمے کی سماعت کے دوران وہ یا ان کا نمائندہ موجود نہ تھے۔“

Barester Aitizaz Ahsan Anwalt
وکیل رہنما ء اعتزاز احسن نےکہا ہے کہ مشرف عدالت میں پیش ہو کر اپنے دعوﺅں کی صداقت پیش کریںتصویر: Shah Abdul Sabooh

دریں اثناء ججوں کی بحالی کی تحریک کے روح رواں اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مشرف عدالت میں پیش ہو کر اپنے دعووں کی صداقت پیش کریں : ’’ پرویز مشرف کو اس وقت یہ موقع دینا بڑا اچھا اور احسن اقدام ہے ، پرویز مشرف نے کئی مرتبہ اپنے اس اقدام کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ درست اقدام اٹھایا تھا ، اب ان کے پاس ایک موقع ہے کہ وہ عدالت میں آئیں اور اپنے دعوﺅں کو ثابت کریں۔“

مبصرین کے خیال میں ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سابق فوجی حکمران کو عدالت میں پیش ہونے کے لئے کہا گیا ہے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ اس وقت لندن میں مقیم جنرل مشرف اس صورتحال سے کس طرح نمٹتے ہیں۔

امتیاز گل، اسلام آباد

ادارت: عاطف بلوچ