1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سابق ہونڈا ٹیم ایک نئے نام سے موٹر ریسنگ 2009 میں شریک

10 مارچ 2009

ہونڈا موٹرز کی سابق فارمولا ون ٹیم 2009 کے موٹر ریسنگ سیزن میں شرکت کرے گی۔ گزشتہ سال دسمبر میں ہونڈا نے مالیاتی بحران کی بنا پر فارمولا ون سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/H9AC
ہونڈا کی سابق فارمولا ون ٹیم کے نئے مالک رَوس براؤنتصویر: picture-alliance / dpa

ہونڈا ٹیم کو برطانیہ سے تعلق رکھنے والے رَوس براؤن نے خرید لیا ہے اور اب یہ ٹیم فارمولا ون میں براؤن جی پی کے نام سے ٹیسٹ سیشن میں حصہ لے رہی ہے۔ رَوس براؤن اس سے قبل ہونڈا کی فارمولا ون ٹیم کے مینیجر کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔

ہونڈا کے فارمولا ون سے دستبردار ہونے کے بعد یہ خدشات پیدا ہو گئے تھے کہ برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن موٹر ریسنگ 2009 کے مقابلوں میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ جینسن بٹن کو اس سلسلے میں کم معاوضے پر رضامندی کا ہنگامی معاہدہ کرنا پڑا۔

ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو نِک فرائی نے موجودہ سیزن میں اخراجات میں کمی کے فیصلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا :’’ہم تمام ٹیموں اور ان کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی وجہ سے ٹیم سیزن میں شرکت کر پا رہی ہے۔ میں، ٹیم کے مالک رَوس براؤن اور ہمارے سات سو ملازمین ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘

Formel 1 Honda Racing Team Jenson Buton beim Großen Preis von Brasilien 2008
ٹیم کے ڈرائیور جیسن بٹن ٹیسٹ ڈرائیو کے دورانتصویر: picture-alliance / DPPI

نِک فرائی نے مزید تفصیلات سے تو آگاہ نہیں کیا کہ ٹیم کو کون سرمایہ فراہم کرے گا نہ یہ بتایا کہ ٹیم کا ریسنگ میں نام کیا ہو گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات ’’بہت جلد‘‘ سامنے آئیں گی۔

خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ ٹیم ’’براؤن ریسنگ‘‘ کے نام سے فارمولا ون میں شرکت کرے گی۔ اس سلسلے میں نِک فرائی نے ٹیم کے مالک رَوس براؤن کے ہمراہ فارمولا ون ٹیموں کی ایسوسی ایشن FOTA کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا:’’ہماری ٹیم کو فوٹا سے مدد ملے گی۔‘‘

’’اخراجات میں کمی ہمارے لئے اگلے دو تین سالوں تک معاون رہے گی مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں دیگر ٹیمیں بھی مدد فراہم کر رہی ہیں۔‘‘