1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری رپورٹ منظر عام پر آ گئی

5 دسمبر 2017

پاکستان میں میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم جاری کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2onQ2
Proteste gegen Punjab Regierung in pakistan
تصویر: DW/T. Shahzad

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے منگل کی شام ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے یہ رپورٹ 30 دنوں میں جاری کرنے کا حکم دیا تھا لیکن عدالتی فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اس رپورٹ کو نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ پنجاب کی ویب سائیٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جسٹس باقر نجفی پر مشتمل ایک رکنی کمیشن کی یہ رپورٹ نقائص سے بھرپور، نامکمل ، یک طرفہ، بے نتیجہ اور یک طرفہ شواہد پر مبنی ہے۔ ان کے بقول اس رپورٹ کا ماڈل ٹاون کیس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ اس رپورٹ میں شہباز شریف سمیت کسی حکومتی شخصیت کو سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے براہ راست مورد الزام نہیں ٹھہرایا گیا۔ وزیر قانون کے بقول جسٹس باقر نجفی ایک قابل احترام جج ہیں لیکن ان کی رپورٹ ایک انتظامی فیصلہ ہے، اس میں موجود قانونی نقائص پر بات کی جا سکتی ہے۔

ماڈل ٹاؤن میں قتل ہونے والوں کا قصاص چاہتے ہیں، طاہر القادری

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ پڑھنے والا خود ذمہ دار کا تعین کر سکتا ہے، ’’اس طرح میری نظر میں ذمہ دار کوئی اور، دوسرے کی نظر میں ذمہ دار کوئی اور ہو سکتا ہے۔‘‘

Proteste gegen Punjab Regierung in pakistan
تصویر: DW/T. Shahzad

وزیر قانون پنجاب کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں لکھا ہے کہ قاری خود سانحے کے ذمے دار کا فیصلہ کرے، ’’بہت سے قاری تو علامہ صاحب آپ کو بھی ذمہ دار ٹھہرا سکتے ہیں۔‘‘ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اس رپورٹ کو سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس خلیل الرحمان خان کو ان کی رائے کے حصول کے لیے بھجوایا تھا۔

 انہوں نے اس رپورٹ میں موجود نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کو تسلیم نہ کرنے کی سفارش کے ساتھ اسے عوام کے لیے جاری نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ اس رپورٹ کا اجرا ہمارے لیے نہیں بلکہ کسی اور کے لیے مشکلات کا باعث بنے گا۔

ماڈل ٹاؤن سانحے کی انکوائری رپورٹ ایک ایسے مرحلے پر سامنے آئی ہے، جب پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے خلاف حدیبیہ کیس دوبارہ کھل چکا ہے، ان کے بڑے بھائی نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹایا جا چکا ہے اور ملک میں مارچ سے پہلے حکومت کے خاتمے کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے سانحہ ماڈل ٹاون کے حوالے سے ایک رکنی بنچ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ماڈل ٹاون واقعے کی انکوائری رپورٹ 30 دنوں میں شائع کر دی جائے اور فریقین کو انکوائری رپورٹ کی نقول بھی فراہم کی جائیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ٹرائل غیر جانبدارانہ اور شفاف کیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اور رانا ثناء اللہ کی پریس کانفرنس سے پہلے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 17 جون 2014ء  کو ماڈل ٹاون میں پولیس کے حملے میں  14 افراد ہلاک اور 90 زخمی ہو گئے تھے، ’’ اس سانحے کے حوالے سے حکومت نے خود اپنی طرف سے جو کمیشن بنایا اس نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا کہ اس سانحے کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے کہ اس نے جو احکامات جاری کیے اس کی تعمیل میں ہی پولیس نے کارروائی کی۔ سانحہ ماڈل ٹاون میں ملوث افراد کی نشاندہی ہونے پر حکومت نے ماڈل ٹاون انکوائری رپورٹ دبا لی تھی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح طور پر ماڈل ٹاون انکوائری رپورٹ کی کاپی فریقین کو فوری طور پر دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج منگل کے روز انکوائری رپورٹ نہ ملنے کی صورت میں سانحہ ماڈل ٹاون میں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے رشتہ دار اور ہمدرد اکٹھے ہو کر بڑی تعداد میں پنجاب سول سیکرٹیریٹ رپورٹ لینے جائیں گے اور رپورٹ نہ ملنے کی صورت میں سیکرٹیریٹ کے باہر دھرنا دیں گے۔

Proteste gegen Punjab Regierung in pakistan
تصویر: DW/T. Shahzad

ادھر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے اس فیصلے کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے اس فیصلے کے بعد وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور پنجاب کے صوبائی وزیر راناء ثنا اللہ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن: آرمی چیف انصاف دلوائیں، طاہر القادری

ہائیکورٹ کا بینچ جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس قاضی محمد امین احمد پر مشتمل تھا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں قائم تین رکنی فل بینچ نے 101 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کی درخواست پر انکوائری رپورٹ پبلک کرنے کا حکم جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے دیا تھا، پنجاب حکومت نے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فل بینچ نے 24 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے روزنامہ 92 نیوز کے ایڈیٹر سید ارشاد عارف نے بتایا کہ یہ فیصلہ بہت دور رس اثرات کا حامل ہے، انہوں نے بتایا کہ ایک نجی ٹی وی نے کچھ عرصہ پہلے اسی رپورٹ کے مندرجات جاری کئے تھے۔ ان کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاون کی ذمہ داری وزیر اعلی شہباز شریف اور صوبائی وزیر را ثناء اللہ پر بھی عائد ہوتی ہے۔ ان کے بقول نواز شریف جیسے وزیر اعظم کی نا اہلی کے بعد اب نواز شریف کو ریلیف ملنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

سید ارشاد عارف کہتے ہیں کہ اس فیصلے کے بعد مستقبل کی حکومتوں کے لیے تحقیقاتی کمیشنوں کی رپورٹس کے اجرا کو اپنا صوابدیدی اختیار گردانتے ہوئے انہیں منظر عام پر لانے سے روکنا اب آسان نہیں ہو گا۔ اس فیصلے کے بعد اگر سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ دار با اثر لوگوں کو سزا مل گئی تو اس کے بعد ایک طرف مستقبل کی حکومتیں اپنے مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے سے پہلے سوچنے پر مجبور ہوں گی۔ دوسری طرف پولیس افسران بھی غیر قانونی احکامات کی تعمیل کرنے سے احتراز کریں گے۔