1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سباستیان فیٹل یورپین گرانڈ پری میں بھی فاتح

26 جون 2011

فارمولا ون کے دفاعی چیمپئن جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے اسپین میں ہونے والی یورپین گرانڈ پری ریس جیت لی ہے۔ اس سیزن کی اب تک ہونے والی آٹھ ریسوں میں سے یہ ان کی چھٹی فتح ہے۔

https://p.dw.com/p/11jpS
سباستیان فیٹل
سباستیان فیٹلتصویر: dapd

سباستیان فیٹل اپنے کیریئر کی اس 16ویں فتح کے بعد فارمولا ون ورلڈ چیمپئن شپ کی تاریخ میں پہلے ڈرائیور بن گئے ہیں جو ایک سیزن کی آٹھ ریسوں میں پہلے یا دوسرے نمبر پر رہے ہوں۔

ریڈ بُل ٹیم کے 23 سالہ جرمن ڈرائیور نے ناقدین کے ان خیالات کی نفی کردی کہ محض دو ہفتے قبل کینیڈا میں ہونے والی ریس کے آخری چکر میں غلطی کے باعث دوسرے نمبر پر چلے جانے کے باعث وہ دباؤ میں ہوں گے۔

اسپین کے شہر ویلنشیا میں ہونے والی اس ریس میں فیراری ٹیم کے فرنانڈو الونسو 1.3 سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔ فیٹل کی اپنی ٹیم کے آسٹریلوی ڈرائیورمارک ویبر تیسرے نمبر پر رہے۔

فرنانڈو الونسو 1.3 سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے
فرنانڈو الونسو 1.3 سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر رہےتصویر: dapd

یورپین گرانڈ پری میں فتح کے باعث سباستیان فیٹل کو اس برس کی ٹائٹل ریس کے سلسلے میں 77 پوائنٹس کی بڑی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ اس سیزن کی کُل 19 میں سے آٹھ ریس مکمل ہونے کے بعد فیٹل کے پوائنٹس 186 ہوگئے ہیں۔ ان کے قریب ترین برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن ہیں جن کے پاس 109 پوائنٹس ہیں۔

فارمولا ون کار ریس کی تاریخ میں یہ چوتھا موقع تھا کہ ریس میں شریک تمام ڈرائیورز نے ریس مکمل کی، جبکہ 2005 میں ہونے والی اٹالین گرانڈ پری کے بعد سے ایسا پہلی مرتبہ ہوا۔

برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور اور 2008ء کے چیمپیئن لیوس ہیملٹن اس ریس میں چوتھی جگہ محفوظ کرنے میں کامیاب رہے۔ فیراری میں سوار برازیلین ڈرائیور فیلپے میسا اور برطانوی کھلاڑی جینسن بٹن بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر رہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: شادی خان سیف