1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
صحتجرمنی

سخت لاک ڈاؤن کے باوجود جرمنی میں کورونا وائرس اب بھی بے قابو

27 فروری 2021

جرمنی میں چار ماہ کے سخت لاک ڈاؤن کے بعد حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ پابندیوں میں نرمی پر غور کرے۔ تاہم ملک میں کڑی پابندیوں کے باوجود کورونا کے کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3q0Js
Deutschland Coronapandemie | Symbolbild Hamburg
تصویر: Georg Wendt/dpa/picture alliance

جرمنی میں کئی ماہ کی سخت سردی کے بعد فروری کے اواخر میں بہار کی آمد کے ساتھ موسم خوشگوار ہو رہا ہے۔ زیادہ تر شہری لگ بھگ چار ماہ کے کڑے لاک ڈاؤن سے نکلنے کے لیے بے چین ہیں۔ دوکانیں، کیفے اور ریستوران اب بھی بند ہیں۔ لیکن کھانے پینے کے لیے 'ٹیک اووے فوڈ‘ کی اجازت ہے، جہاں اب لوگوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق جرمنی میں شہریوں کی اکثریت نے وبا پر قابو کے لیے میل جول سے متعلق پابندیوں پر عمل کیا۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے منفی نفسیاتی، سماجی اور معاشی اثرات سامنے آرہے ہیں اور لوگ یہ سوچنے پرمجبور ہیں کہ ایسے کب تک چلے گا؟

رویے بدل رہے ہیں

فرینکفرٹ شہر کی گوئٹے یونیورسٹی کے پروفیسر رولف وان ڈِک کہتے ہیں اعدادوشمار یہی بتاتے ہیں کہ لوگوں کی اکثریت حفاظتی پابندیوں کی پاسداری کر رہی ہے۔ تاہم ان کے مطابق، لاک ڈاؤن جتنا لمبا چلے گا، اس کی مخالفت میں اضافہ ہوتا جائے گا۔

جرمنی کے سرکاری براڈکاسٹر اے آر ڈی کے ایک حالیہ سروے کے مطابق لوگوں کی خاصی تعداد زندگیاں بچانے کے لیے اب بھی پابندیوں کو ضروری سمجھتی ہے۔ تاہم 27 فیصد جرمن شہریوں کا خیال ہے کہ موجودہ پابندیاں کچھ زیادہ ہی سخت اور غیرضروری ہیں۔

Coronapandemie Hamburg
تصویر: Daniel Bockwoldt/dpa/picture alliance

پچھلے چند ہفتوں کے دوران بظاہر اس تاثر نے مزید زور پکڑا ہے اور ایسے لوگوں کی تعداد میں کمی آرہی ہے جو سمجھتے ہیں کہ ملک میں سماجی پابندیاں کم کرنے کی بجائے انہیں مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لوگ زیادہ تر گھر میں بیٹھ بیٹھ کر تھکتے جا رہے ہیں۔ ان میں لاک ڈاؤن سے متعلق اکتاہٹ بڑھ رہی ہے۔ حکومت سمیت کسی کو یہ معلوم نہیں کہ وبا سے متعلق یہ مشکل حالات مزید کتنا عرصہ چلیں گے۔ بعض لوگوں کو تو یہ محسوس ہورہا ہے جیسے وہ ہمیشہ کے لیے اس میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

حکومت کرے تو کیا کرے؟

حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ تمام تر کڑی پابندیوں کے باوجود جرمنی میں کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی بلکہ متاثرین کی تعداد میں پھر سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ویکسین کی دستیابی میں مسائل کی وجہ سے جرمنی میں حکام اُس تیزی سے ٹیکے مہیا نہیں کر پائے جتنا امریکا اور برطانیہ میں کی گئی، وہاں صورتحال کہیں زیادہ گمبھیر رہی ہے۔

Berlin Proteste
تصویر: Fabrizio Bensch/REUTERS

بعض ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ ایسے میں جرمنی کورونا وبا کی تیسری لہر کی جانب بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ جرمنی کی وفاقی اور سولہ ریاستی حکومتوں کے منتخب نمائندوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ پابندیوں میں نرمی پر غور کریں۔ حکام کو یہ بھی خدشہ ہے کہ سختیاں جاری رہی تو لوگوں کی مخالفت آپے سے باہر بھی جا سکتی ہے، جیسا کہ ہالینڈ میں دیکھا گیا جہاں جنوری میں لوگ پابندیوں کے خلاف ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ پر اتر آئے۔

فیصلہ اگلے ہفتے

جرمنی میں موجودہ پابندیوں کا نفاذ سات مارچ تک ہے۔ آنے والے ہفتے میں حکام کو تین مارچ تک فیصلہ کرنا ہے کہ ان پابندیوں میں توسیع کی جائے یا پھر نرمی برتی جائے۔ یہ فیصلہ آسان نہ ہوگا اور دونوں صورتوں کے اپنے منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

Angela Merkel
تصویر: Hannibal Hanschke/REUTERS

اطلاعات کے مطابق قوی امکان ہے کہ حکومت ایسا نظام متعارف کرائے کہ جن علاقوں میں کیسز کم ہیں وہاں نرمی لائی جائے اور جہاں کیسز زیادہ ہیں وہاں سختی برقرارکھی جائے۔ اس طرح کی پالیسی کئی دیگر ممالک میں پہلے ہی آزمائی جاچکی ہے۔

خیال ہے کہ ایسے کرنے سے حکومت پر دباؤ میں کمی آئے گی اور ساتھ ہی حکام وبا پر قابو پانے کے لیے وائرس کے "ہاٹ اسپاٹس" پر توجہ مرکوز کر پائیں گے۔

ایلیٹ ڈگلس (ش ج، ع آ)