1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سربیا میں مہاجرین کے درمیان جھگڑا، ایک ہلاک

عاطف بلوچ، روئٹرز
22 نومبر 2016

سربیا میں پیر کے روز مہاجرین کے درمیان ہونے والے ایک تصادم میں ایک مہاجر ہلاک جب کہ ایک اور زخمی ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دارالحکومت بلغراد کے مرکزی حصے میں ایک گلی میں یہ لڑائی ہوئی۔

https://p.dw.com/p/2T3I8
Serbien Kelebija Fotoreportage Diego Cupolo an ungarischer Grenze
تصویر: DW/D. Cupolo

پولیس کے مطابق مبینہ طور پر اس واقعے میں ملوث چھ تارکین وطن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اس لڑائی میں مہاجروں نے ایک دوسرے پر چاقوؤں سے وار کیے۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے ایک مہاجر کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔

سربیا کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واقعے یا ملزمان کی زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں، تاہم مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مہاجر کا تعلق افغانستان سے تھا۔

یہ واقعہ بلغراد کی ایک مرکزی سڑک پر پر واقع ایک پارک کے قریب پیش آیا، جہاں روزانہ سینکڑوں مہاجرین جمع ہوتے ہیں۔ بلقان ریاستوں کے ذریعے مغربی یورپ کا رخ کرنے والے یہ مہاجرین اس پارک کو ایک قیام گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق اس وقت سربیا میں موجود مہاجرین کی تعداد چھ ہزار تین سو کے قریب ہے۔ بلقان ریاستوں کی جانب سے اپنی سرحدیں بند کر دیے جانے کے بعد یہ مہاجرین سربیا میں پھنسے ہوئے ہیں اور ان میں سے کچھ ہی اسمگلروں کو بڑی بڑی رقوم ادا کر کے مختلف غیر قانونی اور خطرناک طریقوں سے مغربی یورپ کی جانب بڑھ پا رہے ہیں۔

Serbien Kelebija Fotoreportage Diego Cupolo an ungarischer Grenze
سیربیا میں قریب ایک مہاجر کھلے آسمان تلے شب بسری کرنے پر مجبور ہیںتصویر: DW/D. Cupolo

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ سربیا میں موجود مہاجرین میں سے قریب ایک ہزار وہاں کھلے آسمان تلے شب گزارنے پر مجبور ہیں۔

عالمی ادارے کے مطابق سربیا میں پھنسے ہوئے ان مہاجرین میں سے زیادہ تر کا تعلق مشرق وسطیٰ، ایشیا اور افریقہ سے ہے، جو یونان کے راستے یورپ میں داخل ہوئے۔

غیرسرکاری تنظمیوں کا کہنا ہے کہ بلقان ریاستوں کی بندش کے باوجود اب بھی چھوٹی چھوٹی ٹولیوں میں مہاجرین کسی نہ کسی طرح اس خطے کو عبور کر کے مغربی یورپ پہنچ رہے ہیں، جن میں سے زیادہ تر اس حوالے سے انسانوں کے اسمگلروں کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔

سربیا کے حکومتی اعداد و شمار کے مطابق رواں برس اب تک قریب ایک لاکھ دو ہزار مہاجرین کو ملک میں رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔