1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا نے بلیک کیپس کو پھر شکست دے دی

30 اگست 2009

اتوار کو سری لنکا کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز نیوزی لینڈ کی ٹیم تین سو ستانوے رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اِس طرح سری لنکا چھیانوے رنز سے نہ صرف یہ میچ جیت گیا بلکہ دو صفر سے سیریز بھی۔

https://p.dw.com/p/JLil
سری لنکا کے کپتان کمار سنگاکاراتصویر: AP

نیوزی لینڈ کے کھلاڑی ڈینیل وَیٹوری کے شاندار کیریئر بیسٹ ایک سو چالیس رنز بھی اُن کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ اِس سے پہلے تک وَیٹوری کے کیریئر کابہترین اسکور ایک سو سینتیس رنز تھا۔ وَیٹوری چار گھنٹے سے زیادہ وقت تک کریز پر رہے، اُنہوں نے ایک سو نواسی گیندوں کا سامنا کیا اور اپنے ایک سو چالیس رنز سولہ چوکوں کی مدد سے مکمل کئے۔

چار سو چورانوے رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اتوار کو میچ کے پانچویں اور آخری ر وز اپنی دوسری اننگز کا کھیل چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو بیاسی رنز سے شروع کیا لیکن تین سو ستانوے کے اسکور پر پوری ٹیم ڈھیر ہو گئی۔ سری لنکا کے بائیں بازو سے گیند پھینکنے والے اسپنر رنگنا ہیراتھ نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ اِس طرح بلیک کیپس صرف یہ میچ ہی نہیں بلکہ دو ٹیسٹ میچوں کی پوری سیریز ہی دو صفر سے ہار گئے۔ گالے میں کھیلا جانے والا پہلا میچ سری لنکا نے دو سو دو رنز سے جیتا تھا۔

Cricket Test Series zwischen Indien und Neuseeland 2
ڈینیل وَیٹوری کے شاندار کیریئر بیسٹ ایک سو چالیس رنز بھی اُن کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکےتصویر: AP

اپنی اِس کامیابی کے بعد سری لنکا نے عالمی درجہ بندی میں بھی اپنی پوزیشن بہتر بنالی ہے اور اب وہ آفیشل رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ اِس اعزاز پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان کمار سنگاکارا نے، جنہیں کپتان کے طور پر اپنے اب تک کے پانچ میں سے چار میچوں میں فتح حاصل ہوئی ہے، کہا:’’دوسرے نمبر پر آنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ ایک مضبوط حریف کے ساتھ کھیلا جانے والا ٹیسٹ ہمیشہ ٹیسٹ ہوتا ہے۔ ابھی ہمیں تمام شعبوں میں اپنے کھیل کو بہت بہتر بنانے کی ضررورت ہے۔‘‘ تازہ درجہ بندی میں بھارت تیسرے جبکہ ایشز سیریز ہار جانے والا آسٹریلیا چوتھے نمبر پر ہے۔

آئندہ ہفتے بدھ اور جمعہ کو سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹونٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جائیں گے جبکہ آٹھ ستمبر سے ایک سہ قومی کرکٹ سیریز کے مقابلے شروع ہو جائیں گے، جس میں تیسری ٹیم کے طور پر بھارت حصہ لے گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید