1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کے خلاف ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ: آفریدی کپتان مقرر

29 جولائی 2009

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے شاہد آفریدی کو کپتان مقرر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ یونس خان کی جانب سے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/IzVH
آفریدی کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل میں بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھاتصویر: AP

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت سری لنکا کے دورے پر ہے جہاں وہ ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یونس خان نے بورڈ کے اصرار کے باوجود ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس نہیں لیا، جس کے بعد بورڈ کے چئیرمین نے اس ایک میچ کے لئے شاہد آفریدی کو ان کی جگہ ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یونس خان نے انگلینڈ میں ہونے والے ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی فتح کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ نہیں کھیلں گے۔ پاکستان نے ورلڈ کپ کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا تھا۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ کوشش کریں گے یونس خان کو ریٹائرمنٹ کو فیصلہ واپس لینے کے لئے راضی کر سکیں۔

شاہد آفریدی کو سیمی فائنل اور فائنل میں غیر معمولی کارکردگی پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا تھا۔ فی الحال شاہد خان آفریدی کو صرف ایک میچ کے لئے ٹوئنٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے تاہم ٹوئنٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مستقل کپتان کے لئے بھی اس وقت ٹیم میں آفریدی سے مضبوط کوئی اور امیدوار دکھائی نہیں دیتا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ٹیم کے مستقل کپتان کا حتمی فیصلہ جلد کر دیا جائے گا۔

گزشتہ تیرہ برسوں سے پاکستان کی قومی ٹیم سے وابستہ شاہد آفریدی کے لئے یہ پہلا موقع ہو گا جب وہ کسی فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ محدود اوروں کے میچوں میں آفریدی کی کارکردگی گزشتہ پانچ سالوں میں بہت شاندار رہی ہے اور اسی دوران پاکستان میں کپتان کی تبدیلی کے حوالے سے جب بھی کوئی بحث چھڑی آفریدی کا نام ضرور لیا گیا۔

شاہد خان آفریدی کو ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی قیادت کا خاصا تجربہ ہے۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے ایک مقامی بینک کی ٹیم کے علاوہ صوبہ سندھ اور کراچی شہر کی ٹیمیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ