1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کے ساتھ گہرے دوستانہ روابط چاہتے ہیں، مودی

صائمہ حیدر
12 مئی 2017

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سری لنکا کے ساتھ زیادہ گہرے تعلقات استوار کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ناقدین کے مطابق سری لنکا اور چین کے قریبی تعلقات کے تناظر میں بھارتی حُکومت نئی حکمتِ عملی وضع کرنے کی کوشش میں ہے۔

https://p.dw.com/p/2ctG6
Sri Lanka indischer Premierminister Narendra Modi trift Sri Lankas Präsident Maithripala Sirisena
مودی نے کہا کہ بھارت اور سری لنکا کے مابین تمام شعبہ جات میں زیادہ بہتر تعاون کرنے کا بہترین وقت آ چکا ہےتصویر: REUTERS/D. Liyanawatte

جوہری ٹیکنالوجی رکھنے والے ملک بھارت نے اپنے چھوٹے پڑوسی ممالک کو ہمیشہ اپنے زیرِ اثر سمجھا ہے۔ تاہم سری لنکا کے سابق صدر راجا پاکسے کے دورِ اقتدار میں کولمبو حکومت کا جھکاؤ واضح طور پر چین کی جانب دیکھا گیا۔ آج تاہم کولمبو میں بدھ مت کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس سے خطاب میں مودی نے کہا کہ بھارت اور سری لنکا کے مابین تمام شعبہ جات میں زیادہ بہتر تعاون کرنے کا بہترین وقت آ چکا ہے۔

 سن دو ہزار چودہ میں اقتدار میں آنے کے بعد سے یہ بھارتی وزیراعظم کا سری لنکا کا دوسرا دورہ ہے۔ مودی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ابھی حال ہی میں سری لنکا نے اپنی بندرگاہ پر چین کی جانب سے اُس کی ایک آبدوز کھڑی کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

 سری لنکا میں کئی عشروں تک جاری رہنے والی خانہ جنگی کے سن 2009 میں خاتمے کے بعد اس دوران ہوئے مظالم کے تناظر میں راجا پاکسے کی حکومت کو عالمی سطح پر پابندیوں کا خطرہ تھا۔ اِن خدشات کے تحت  پاکسے کی انتظامیہ  نے اقتصادی اور سفارتی امداد کے لیے چین پر بہت زیادہ انحصار کر رکھا تھا۔

Sri Lanka indischer Premierminister Narendra Modi trift Sri Lankas Präsident Maithripala Sirisena
تصویر: REUTERS/D. Liyanawatte

البتہ سری لنکا کے موجودہ صدر میتھری پالا سری سینا نے سن 2015 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد چین کے ساتھ جاری منصوبوں کا ازسرِ نو جائزہ لینے اور بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم مودی  نے بدھ مت کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز جیسے ہی کولمبو کی سرزمین پر قدم رکھا، سری لنکا کی وزارتِ دفاع کے ایک اعلیٰ اہلکار نے تصدیق کی کہ چینی آبدوز کو سری لنکن پورٹ میں جگہ دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

نریندر مودی نے کانفرنس کے دوران اپنے’سری لنکن بہن بھائیوں‘ کے ساتھ عہد نبھانے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان ’ناقابلِ تقسیم‘ تعلقات برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔