1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کے کرکٹ کپتان نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

11 فروری 2009

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے بلے باز مہیلا جے وردھنے نے کپتانی کے عہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ پاکستان میں کھیلے جانے والے دوٹسیٹ میچز کی سیریز کے بعد کپتان کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

https://p.dw.com/p/Grua
سری لنکا کی ٹیم کے کپتان جے وردھنے ایک دلکش شارٹ کھیلتے ہوئےتصویر: AP

2006 سے سری لنکن ٹیم کی قیادت کرنے والے بلے باز مہیلا جے وردھنے نے اعلان کیا ہے کہ وہ 22 فروری سے پاکستان میں شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے بعد کپتانی چھوڑ رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں سری لنکا نے 26 میچوں میں سے15 میں کامیابی حاصل کی اور2007 میں سری لنکا کی ٹیم کو ان کی قیادت میں ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

31 سالہ جے وردھنے نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا: ’’بہت سوچ بچار کے بعد میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ سری لنکا کی ٹیم کو تازہ دم قیادت کی ضرورت ہے۔‘‘

سری لنکا کی ٹیم نے دورہ پاکستان کے دوران تین ون ڈے میچوں کی سیریز دو۔ ایک سے جیت لی تھی تاہم بھارت کے خلاف انہیں چھ میں سے پانچ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور بعد میں جے وردھنے کو خراب فارم کی وجہ سے 20ٹوئنٹی میچ میں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم کی قیادت تلک رتنے دلشان نے کی تھی۔ تلک رتنے کو جے وردھنے کے بعد کپتانی کے لئے موزوں امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔ دوسری جانب کمارا سنگا کار بھی اس عہدے کے لئے اہم امیدوار تصور کئے جا رہے ہیں۔