1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکن وار کمیشن کی رپورٹ کا جلد اجرا

12 نومبر 2011

تامل باغیوں کی مسلح تحریک کو کچلنے کے دوران حکومتی فوج کی مبینہ طور پر کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی تفتیش کی مناسبت سے راجا پاکسے حکومت کو بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/139TA
راجا پاکسے اپنی فوجی قیادت کے ساتھتصویر: AP

سری لنکا میں تامل ٹائیگرز کی علٰیحدگی پسندی کی تحریک شکست سے دوچار ہونے کے بعد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکی ہے۔ سرکاری فوج نے تامل باغیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کے بعد اس مسلح تحریک کو کچل دیا تھا۔ علٰیحدگی پسندی کی تحریک کا خاتمہ جنگی صورت حال کے بعد ہوا۔ تامل تحریک کے مکمل خاتمے کے عمل کے دوران رونما ہونے والی مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ جیسی اہم تنظیموں نے خاصا شور مچایا۔ اقوام متحدہ سمیت کئی مغربی ملکوں کی جانب سے بھی ایسی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی آزاد تفتیش کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

Sri Lanka 19. Mai
سری لنکن فوج کی فتج پر پرمسرت سنہالی عوامتصویر: AP

اس عالمی دباؤ کے باعث سری لنکا کی موجودہ حکومت نے فوج کی کارروائی کے دوران ہونے والے ظلم و جبر کی تفتیش کے لیے ایک کمیشن مقرر کر رکھا ہے۔ اس کمیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس کی حتمی تفتیشی رپورٹ اسی ماہ یعنی نومبر کی بیس تاریخ کو جاری کردی جائے گی۔ اس رپورٹ کا یقینی طور پر انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والے بین الاقوامی اداروں سمیت مغربی اقوام کو انتظار ہے۔

اسی برس کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جانب سے مقرر کردہ پینل نے بھی واضح کیا تھا کہ اس نے قابل اعتبار شواہد کو جمع کیا ہے اور تامل مسلح تحریک کو کچلنے کے دوران ہزاروں شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں، جو جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں۔ تامل علٰیحدگی پسندوں کے خلاف حکومت کی بھرپور اور آخری کارروائی سن 2009 میں کی گئی تھی۔

LTTE Fahne Tamilische Rebellen Berlin
تامل ٹائیگرز کا جھنڈا ہمیشہ کے لیے سرنگوں ہو گیاتصویر: AP

بین الاقوامی دباؤ کے تناظر میں سری لنکا کی حکومت کی طرف سے قائم کیے گئے اس کمیشن کا مقصد اس جنگ کے دوران جو سبق حاصل کیا گیا ہے، وہ اس کو رپورٹ کرنا اور مصالحتی و مفاہمتی عمل کو فروغ دینا ہے۔ اس باعث اس کا نام LLRC یعنی Lessons Learned and Reconciliation Commission رکھا گیا۔ اس ادارے کی تفتیش کے حوالے سے مغربی اقوام، بھارت اور دوسرے اداروں اور ملکوں کا خیال ہے کہ اگر یہ کمیشن مضبوط شواہد کے ساتھ مناسب رپورٹ مرتب کرتا ہے تو پھر کسی اور بین الاقوامی کمیشن سے تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔ ان ملکوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت تامل اقلیت کو مناسب وقعت بھی دے تا کہ وہ مرکزی دھارے کا حصہ بن سکے۔

سری لنکا میں صدر راجا پاکسے کی حکومت تامل علٰیحدگی پسندی کی تحریک کے دوران ظلم و بربریت اور جنگی جرائم کے الزامات کی تردید کرتی ہے۔ حکومت نے کمیشن کی رپورٹ کو عام کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں