1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول

طارق سعید، کراچی24 دسمبر 2008

ممبئی دہشت گردانہ واقعات کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے سے بھارتی حکومت کی جانب سے منع کردینے کے بعد پاکستانی کرکٹ بورڈ کو سری لنکا کی ٹیم دستیاب ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/GMFR
لاہور قدافی سٹیڈیم میں سکیورٹی چیک کا ایک منظرتصویر: AP

بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی دورے کی منسوخی کے بعد پاکستانی کرکٹ پر چھائے سیاہ بادلوں کی چادر اور تن گئی تھی۔ ایسے میں سری لنکا کا دورہٴ پاکستان غنیمت تصور کیا جا سکتا ہے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم بائیس جنوری کو کراچی میں ون ڈے انٹر نیشنل میچ کے ساتھ پاکستان کے اُنتالیس روزہ دورے کا آغاز کرے گی جس میں تین ٹیسٹ اور پانچ محدود اوررز کے میچ کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میں سے تین ون ڈے میچ ڈے نائٹ ہونگے۔

پی سی بی کے ایک عہدےدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ سری لنکن ٹیم کے دورے کا جو پرو گرام ترتیب دیا گیا ہے اس کے مطابق 19جنوری کو کراچی پہنچے گی جہاں پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کا انعقاد ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 25جنوری کودوسرے ون ڈے کی میزبانی کرے گا۔ 28جنوری کو تیسرا ایک روزہ میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔ سیریز کا چوتھا اور پانچواں معرکہ بالترتیب 30جنوری اوریکم فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہورمیں برپا ہوگا۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق کراچی میں پہلا اور لاہور کے دونوں میچ مصنوعی روشنیوں میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت نے سلامتی کے خطرے کے پیش نظر کراچی میں جاری قومی ون ڈے ٹورنامنٹ پینٹینگولر کپ کے میچز رات کو برقی قمقموں کی روشنی میں منعقد کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد ڈے نائٹ کو ڈے ایونٹ میں تبدیل کر نا پڑا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز لاہورمیں پانچ سےنوفروری تک ہونے والے ٹیسٹ میچ سے کریں گی۔ 13سے17فروری تک دوسرا ٹیسٹ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا جبکہ تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا انعقاد نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 21 تا25 فروری ہوگا۔ ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے اگلے روز ہی سری لنکن ٹیم دورہ مکمل کرکے کراچی سے واپس وطن روانہ ہو جائے گی۔

آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے انکار کے بعد سری لنکا دنیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے دہشت گردی سے بر سر پیکار پاکستان میں آکر کھیلنے کی حامی بھری ہے۔

دریں اثنا آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو سری لنکا کے خلاف سیریز کے انعقاد میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لوگارٹ نے پی سی بی چیئر مین اعجاز بٹ کو ٹیلی فون پر بتایا کہ انہوں نے اس سیریز کے حوالے سے کوئی منفی بیان جاری نہیں کیا اور شاٹ نوٹس پر ہونے والے اس دورے کے انتظامات میں وہ پاکستان کی ہر ممکن مدد کرےں گے۔