1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سستی بوجھل خوراک کھانے والے بچے: دبلے یا زائد وزن کے حامل

15 اکتوبر 2019

جنوب مشرقی ایشیا میں بچوں میں جَلد تیار ہو جانے والی نوڈلز کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔ ایسی خوراک بظاہر سستی ہے لیکن یہ غذائیت سے عاری ہوتی ہے۔ اس باعث بچے یا انتہائی دبلے یا پھر غیر ضروری وزن کے حامل ہو جاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/3RJ09
Asiatische Gebratene Nudeln mit Gemüse
تصویر: imago/AFLO

اقوام متحدہ کی بہبود اطفال کی تنظیم یونیسیف کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں چالیس فیصد بچے کم غذائیت کا شکار ہیں۔ یہ تناسب ہر تین میں سے ایک بچے کا بنتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس خطے کے بچوں میں جلد پکنے والی نوڈلز کی مقبولیت بہت زیادہ ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق فوری طور پر تیار ہو جانے والی نوڈلز سے پیٹ تو یقینی طور پر بھر جاتا ہے لیکن اس میں بچوں کی نشو و نما اور جسمانی افزائش کے لیے درکار بنیادی اجزاء کی شدید کمی ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسی خوراک بچوں کے لیے مفید کم اور نقصان دہ زیادہ ہے۔

Nordrhein-Westfalen, Düsseldorf: Japan Tag - Bildergalerie
نوڈلز سے پیٹ تو یقینی طور پر بھر جاتا ہے لیکن ایسی خوراک بچوں کے لیے مفید کم اور نقصان دہ زیادہ ہےتصویر: picture-alliance/dpa/D. Young

جنوب مشرقی ایشیائی ممالک فلپائن انڈونیشیا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں اقتصادی سرگرمیوں میں خاصی تحریک پائی جاتی ہے اور اسی باعث یہ ملکی اقتصادی سرگرمیوں کے حامل تصور کیے جاتے ہیں۔ دوسری جانب ان ممالک میں زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کے افراد چند بنیادی اصولوں سے محروم دکھائی دیتے ہیں۔ ان ممالک میں کئی والدین اتنے مصروف ہیں کہ وہ اپنے بچوں کے لیے معیاری غذا کی فراہمی میں ناکام رہ جاتے ہیں۔

یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا میں پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً ساڑھے چوبیس ملین بچے کم غذائیت والی خوراک کا شکار ہیں۔ فلپائن میں ایسے بچوں کی تعداد گیارہ ملین اور ملایشیا میں کم غذائیت سے متاثر ہونے والے بچوں کی تعداد چھبیس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔

Chef von Indofood, Anthoni Salim, einer der reichsten Menschen in Indonesien
نوڈلز سستی خوراک ہے اور یہ پکانا آسان ہے لیکن یہ ایک متوازن خوراک کا کسی بھی طور پر متبادل نہیںتصویر: Getty Images/AFP/B. Ismoyo

انڈونیشیا کے ایک ماہر خوراک حبیب اللہ ثابرانی کا کہنا ہے کہ والدین میں یہ احساس زیادہ اہم ہے کہ بچوں کی بھوک مٹانی ضروری ہے اور اُن کے پیٹ بھرے ہونے اہم ہیں لیکن انہیں یہ فکر لاحق نہیں کہ بچے جو خوراک لے رہے ہیں وہ کتنی صحت مندانہ ہے۔ ثابرانی کے مطابق بچوں کی دسترس میں ایسے خوراک ہے جن میں کیلشیم یا فائبر اور پروٹین کی واضح کمی پائی جاتی ہے۔

یونیسیف کی رپورٹ میں بیان کیا گیا ہے کہ یہ مشینی رویہ مستقبل میں بچوں کو خوراک کے لازمی اجزاء مثلاً خون میں ہیموگلوبن کی کمی اور آئرن وغیرہ سے محروم کر دے گا۔ رپورٹ کے مطابق ان اہم اجزا کی کمی سے بچوں کی عمر بڑھنے کے دوران صحت کی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے کی ماہر غذائیت مُوئنی موتونگا کا کہنا ہے کہ نوڈلز جلدی پک جاتی ہیں، نوڈلز سستی خوراک ہے اور یہ پکانا آسان ہے لیکن یہ ایک متوازن خوراک کا کسی بھی طور پر متبادل نہیں ہے۔ موتونگا کے مطابق بچوں کو متوازن خوراک نہیں ملے گی تو ان کا جسم کمزور ہونے کے ساتھ صحت مند دماغ سے بھی محروم ہو سکتا ہے۔

ع ح ⁄ ب ج (اے ایف پی)

سمندری گھاس کے لذیذ نوڈلز