1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب بطور سزا ’کوڑے مارنا، ہاتھ پاؤں کاٹنا بند کرے‘

مقبول ملک23 اپریل 2016

ایذا رسانی اور جسمانی تشدد کے خلاف اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب اپنے ہاں مجرموں کو کوڑے مارنے اور ان کے ہاتھ پاؤں کاٹ دینے کی صورت میں دی جانے والی جسمانی سزاؤں کا سلسلہ بند کرے۔

https://p.dw.com/p/1IbSj
Symbolbild Schwert Exekution Saudi-Arabien
سعودی عرب میں اکثر مجرموں کے سزائے موت دینے کے لیے ان کے سر قلم کر دیے جاتے ہیںتصویر: Eric Feferberg/AFP/Getty Images

سوئٹزرلینڈ میں جنیوا سے ملنے والی نیوز ایجنسی روئٹرز کی رپورٹوں کے مطابق عالمی ادارے کے جسمانی تشدد اور ایذا رسانی کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے ماہرین نے خلیج کی اس عرب ریاست سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے مختلف جرائم کے مرتکب مجرموں کو جسمانی سزائیں دینے کا وہ سلسلہ ختم کر دینا چاہیے، جس پر وہ ایسی سزاؤں کو اسلامی شرعی قوانین کا لازمی حصہ گردانتے ہوئے اب تک عمل پیرا ہے۔

ریاض حکومت سے یہ مطالبہ اقوام متحدہ کے تشدد کے خلاف کنوینشن پر عملدرآمد کی نگرانی کرنے والی ماہرین کی کمیٹی کے ایک اجلاس میں جمعہ بائیس اپریل کی رات کیا گیا۔ سن 2002ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ اس کمیٹی نے عالمی ادارے کے ’اینٹی ٹارچر کنوینشن‘ کے احترام کے حوالے سے سعودی عرب میں پائی جانے والی صورت حال کا جائزہ لیا۔

اس کمیٹی کے اجلاس میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اس عرب ریاست میں بلاگرز اور سماجی سطح پر سرگرم کارکنوں کے علاوہ انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والے زیر حراست کارکنوں سے بھی برا سلوک کیا جاتا ہے۔

روئٹرز نے لکھا ہے کہ اس کمیٹی کے اجلاس میں فیلس گئیر نامی ایک خاتون رکن نے سعودی حکام سے دریافت کیا، ’’کیا سعودی عرب نے کوڑے مارنے اور ہاتھ پاؤں کاٹ دینے جیسی جسمانی سزاؤں کو روکنے کے لیے اس وجہ سے کوئی اقدامات کیے ہیں کہ ایسی سزائیں دنیا اس عالمی کنویشن کے خلاف ہے؟‘‘

اس استفسار پر اجلاس میں شریک سعودی وفد کے سربراہ نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ سعودی مندوب اعلیٰ نے کہا، ’’یہ کنوینشن جن اقدامات کو اور جس طرح کے رویے کو تشدد قرار دیتا ہے، اس کو سعودی قوانین کا حصہ بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لیے نئی تعزیرات پر کام جاری ہے۔‘‘

Symbolbild Schwert Exekution Saudi-Arabien
تصویر: picture-alliance/dpa/Abir Abdullah

روئٹرز کے مطابق سعودی عرب میں اقوام متحدہ کے اس کنوینشن سے ہم آہنگ نئی تعزیرات یا پینل کوڈ کی تیاری وہ کام ہے، جس کے لیے اس کمیٹی نے سعودی عرب کو درخواست اپنے گزشتہ جائزے کے دوران 2002ء میں کی تھی۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ گزشتہ 14 برسوں سے سعودی عرب ابھی اس موضوع پر کام ہی کر رہا ہے۔

سعودی وفد کے سربراہ نے مزید کہا، ’’اسلامی قانون بین الاقوامی معاہدوں سے متصادم نہیں ہے۔ سعودی عرب کی تشدد اور ایذارسانی کے خلاف حکمت عملی کی بنیاد ٹھوس آئینی ضابطوں پر ہے۔ ان آئینی ضابطوں کی بنیادیں اسلامی شرعی احکامات، متعلقہ قوانین، قومی سطح پر قانون سازی اور ایسے بین الاقوامی کنوینشنز پر رکھی گئی ہیں، جن میں تشدد کے خلاف عالمی کنوینشن بھی شامل ہے۔‘‘

روئٹرز نے لکھا ہے کہ اس کمیٹی کی طرف سے سعودی عرب کی صورت حال کا جائزہ لینے کا عمل پیر 25 اپریل کو جاری رکھا جائے گا۔ تشدد کے خلاف یہ کمیٹی عام طور پر کنوینشن کے رکن ملکوں میں حالات کا جائزہ ہر پانچ سال بعد لیتی ہے۔ لیکن سعودی عرب کے معاملے میں کمیٹی یہ جائزہ اس لیے وقت پر نہ لے سکی تھی کہ ریاض حکومت کی طرف سے اس کنوینشن پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹ جمع کرانے میں چار سال سے بھی زائد کی تاخیر کر دی گئی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید