1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب میں القاعدہ کے مراکز پر چھاپے

27 نومبر 2010

سعودی حکام نے القاعدہ سے تعلق رکھنے والے 149 مشتبہ شدت پسندوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے، جن پر الزام ہے کہ وہ ریاض حکومت کے عہدیداران، غیر ملکیوں اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کی تاک میں تھے۔

https://p.dw.com/p/QJjQ
سعودی عرب میں مارے گئے القاعدہ کے ارکان، فائل فوٹوتصویر: Al Arabiya TV via APTN

گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران کی گئی ان گرفتاریوں میں سعودی شہریوں کے علاوہ غیر ملکی بھی پکڑے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مشتبہ دہشت گردوں کی اکثریت عرب ہے جبکہ محض 25 کا تعلق افریقہ اور ایشیاء سے بتایا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے مبینہ مراکز سے اسلحہ، کمپیوٹر اور دیگر مواد سمیت لگ بھگ ڈھائی ملین سعودی ریال کی خطیر رقم بھی بر آمد کی گئی، جسے القاعدہ کی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔

وزارت داخلہ کے ترجمان جنرل منصور الترکی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان مشتبہ شدت پسندوں کے افغانستان، صومالیہ اور یمن میں القاعدہ نیٹ ورک سے روابط تھے۔ الترکی کے بقول شدت پسندوں کے بیشتر مراکز AQAP یعنی جزیرہ نما عرب میں القاعدہ نیٹ کے تحت قائم کئے گئے تھے۔

Osama bin Laden Botschaft
القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا تعلق بھی سعودی عرب ہی سے ہےتصویر: AP

ان مراکز کی سرگرمیوں کے متعلق انہوں نے بتایا کہ بیشتر اہداف انفرادی نوعیت کے تھے۔ ’’سلامتی کے شعبے سے وابستہ سعودی حکام، سیاستدان، صحافی، چند مقامی افراد اور غیر مسلم غیر ملکی ان کے نشانے پر تھے۔‘‘ الترکی نے یہ واضح نہیں کیا کہ تیل کے کنوؤں، ریفائنریز یا پائپ لائن جیسی حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا ان دہشت گردوں کے منصوبے میں شامل تھا یا نہیں۔

سعودی حکام کے مطابق القاعدہ سے وابستہ گروپ عمومی طور پر حج و عمرہ کی آڑ میں دہشت گردوں کو سعودی عرب میں داخل کرواتے ہیں۔

بتایا جارہا ہے سعودی عرب بھر میں پھیلے لگ بھگ 19 ایسے مراکز کا سراغ لگایا گیا ہے، جہاں القاعدہ کے لئے مالی امداد اکھٹی کرنے اور دہشت گرد بھرتی کرنے کا کام ہو رہا تھا۔ ایک مرکز میں ایک حکومتی محکمے سے اسلحہ چھیننے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی تھی۔ رواں سال مارچ میں بھی سعودی حکام القاعدہ کے 113 مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری کا دعوٰی کرچکے ہیں۔ القاعدہ کی جانب سے سعدی حکومت کے سلامتی کے امور سے وابستہ نگراں وزیر داخلہ محمد بن نایف کو ایک خودکش حملے میں ہلاک کرنے کی ناکام کوشش کی جاچکی ہے۔

رپورٹ : شای خان سیف

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں