1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سلطان اذلان شاہ کپ: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ہرا دیا

طارق سعید، لاہور9 اپریل 2016

پچیسویں سلطان اذلان شاہ کپ میں دفاعی چمپئین نیوزی لینڈ نے پاکستان کے کمزور دفاع کو بے نقاب کرتے ہوئے اسے تین کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا ہے۔ لیکن مجموعی طور پر پاکستانی ٹیم نے بہتر کھیل پیش کیا۔

https://p.dw.com/p/1ISUK
Australien Hockey Champions Trophy in Melbourne Muhammad Imran Pakistan
تصویر: PAUL CROCK/AFP/Getty Images

نواجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے میچ پرجوش طریقے سے کھیلا اور پہلے سے آخری کوارٹر تک اس کا گیند پر قبضہ باسٹھ فیصد رہا لیکن تیسرے کوارٹر میں پاکستانی دفاعی کھلاڑی نیوزی لینڈ کے جوابی وار برداشت نہ کر سکے اور کیویز نے پنالٹی کارنر پر مسلسل تین گول کر کے گرین شرٹس کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

ایپوہ کے اذلان شاہ اسٹیڈیم میں پاکستان نے میچ کا آغاز پر اعتماد انداز میں کیا اور آٹھویں منٹ میں رائٹ ونگر عمر بھٹہ کی کوششوں سے ڈی میں پہنچنے والی گیند پر اسٹرائکر ارسلان قادر اسے برتری دلانے میں کامیاب ہوگئے۔ البتہ صرف پانچ منٹ بعد پاکستان کو گول کیپر عمران بٹ کی الٹے پاؤں کھڑے ہونے کی غلطی مہنگی پڑی اور اسٹیفن جنیز نے گیند کو گول میں پہنچا کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔

دوسرے کوارٹر میں نیوزی لینڈ کے اسٹار کھلاڑی سائمن چائلڈ نے فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کو دو ایک کے مقابلے میں برتری دلا دی تاہم پاکستان نے پے د رپے بائیسویں اور تئیسویں منٹ میں چھ پنالٹی کارنر حاصل کیے جس پر محمد عرفان جونیر کی آخری کوشش رنگ لائی۔ میچ کے نصف پر مقابلہ دو دو گول سے برابر تھا۔ لیکن تیسرے ہاف میں نیوزی لینڈ نے یکے بعد دیگرے تین پنالٹی کارنرز لیے جس پر نک ووڈ نے دو اور کین رسل نے ایک گول کر کے میچ پاکستان کی پہنچ سے باہر کر دیا۔

آخری کوارٹر میں پاکستانی فاورڈ ارسلان قادر نے رضوان سینئر کے پاس پر پاکستان کا تیسرا گول کیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

اس ناکامی کے باوجود پاکستان کی اس نئی ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور فاروڈ لائن میں عمر بھٹہ اور ارسلان قادر کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی۔ پاکستان ٹیم میں شامل سب سے کم عمر کھلاڑی بائیس سالہ ارسلان قادر اب ٹورنامنٹ کے دو میچوں میں چار گول کر چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی کے بعد پانچ پوائنٹس کے بعد اب پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی ہے۔ سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے علاوہ بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور ملائشیا کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کو آٹھ بار کی چمپئین آسٹریلیا سے کھیلے گی۔

پاکستان نے ماضی میں تین بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ آخری بار گرین شرٹس کو اس ایونٹ میں طلائی تمغہ دو ہزار تین میں ملا تھا۔