1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’سلیکشن ٹھیک ہوتی تو پہلے میچ بھی نہیں ہارتے‘

22 اگست 2010

پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کو اوول ٹیسٹ میں چار وکٹوں سے ہرانے پر سیلاب زدہ ملک کے حکمرانوں نے ٹیم کے نام مبارکبادی پیغامات بھیجے ہیں جبکہ سابق کرکٹرز اب بھی کرکٹ بورڈ پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OtVg
عمر اکمل جیت کے بعدتصویر: picture-alliance/empics

صدرپاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ٹیم کے کپتان سلمان بٹ کے نام تحسین اور مبارکباد کے پیغامات بھیجتے ہوئے ان کی کارکردگی کوسراہا۔ صدر زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اس جیت پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی کے سلیکٹرز شروع سے ہی بہتر منصوبہ بندی کرتے تو پاکستان کو سیریز میں صفر کے مقابلے میں تین سے برتری حاصل ہوتی۔ سہیل نے ٹیم میں فوری طور پر یونس خان اور توفیق عمر کی واپسی کا مطالبہ بھی دہرایا۔

Cricket Testspiel Pakistan gegen England Oval Stadion
پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی سیریز کی پہلی جیت کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئےتصویر: picture-alliance/empics

سلیکشن کمیٹی کے سابق سربراہ اقبال قاسم نے بھی یونس کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ قاسم کے مطابق یونس کی واپسی سے ٹیم مزید مضبوط ہوگی اگرچہ موجودہ نوجوان ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے تاہم پہلے دو میچوں میں شکست کی وجہ تجربے کی کمی ہی تھی۔

دوسری جانب ہر طرف سے تنقید کے شکار، کرکٹ بورڈ کے چیئر مین اعجاز بٹ نے بھی ٹیم کی جیت پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ٹیم نے بہترین پیشہ ورانہ کھیل کا مظاہرہ کرکے جیت یقینی بنائی۔ بٹ نے تجربہ کار بلے باز محمد یوسف کو بھی سراہا جنہوں نے اوول ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 56 اور دوسری اننگز میں 33 رنز بنائے۔

Aamir Sohail ehemaliger Cricket Spieler Pakistan
سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل 1998ء میں آسٹریلیا کے خلاف ایکشن میںتصویر: picture-alliance/dpa

محمد یوسف کے تجربے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی کارکردگی نے بھی اس جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کپتان سلمان بٹ نے محمد عامر اور وہاب ریاض کی گیند بازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں مستقبل کے بڑے کھلاڑی بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ’’ ہر ایک نے اپنا کردار اچھے طریقے سے نبھایا، کامران اکمل نے تمام کیچ پکڑے، محمد آصف، محمد عامر اور پہلا میچ کھیلنے والے وہاب ریاض نےبھی وکٹیں لیں اور اظہر علی نے نمایاں 92 رنز بنائے‘‘۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا حتمی چوتھا ٹیسٹ 26 اگست کو لارڈز کے میدان پر کھیلا جائے گا۔

رپورٹ شادی خان سیف

ادارت عصمت جبیں