1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمارٹ فون زندگی کے محافظ کے طور پر

امتیاز احمد 22 فروری 2016

زلزلے میں زندگی کے بچاؤ کے لیے ایک ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے۔ اب اس قدرتی آفت سے حفاظت کے لیے ایک نئی ایپ بنائی گئی ہے، جو ان ممالک میں بھی کام کرے گی، جہاں وارننگ سسٹم موجود نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/1HzsQ
Symbolbild Erdbeben Seismograph
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ ہفتے کا دن تھا، جب گیارہ بج کر چھپن منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جانے لگے۔ اس کے صرف چند سیکنڈ کے بعد نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور اس کے دیگر علاقوں میں ہزاروں گھر منہدم ہو گئے اور ان کے نیچے ہزاروں انسان دب کر رہ گئے۔ گزشتہ اسی برسوں کے دوران یہ نیپال میں آنے والا شدید ترین زلزلہ تھا۔ اس میں پچاس لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوئے اور کم از کم نو ہزار افراد مارے گئے۔

فیصلہ کن لمحات

زلزلہ آنے کے بعد جب زمین ہلنا شروع کرتی ہے، تو اکثر اوقات چند سیکنڈ ہی زندگی اور موت میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ انجینئر لوئس شرائر کے مطابق پانچ سے دس سیکنڈ بہت بڑا فرق ڈال دیتے ہیں، ’’یہ مختصر وقت ہسپتالوں اور امدادی کارکنوں کو خبردار کرنے کے لیے کافی ہوتا ہے تاکہ وہ متاثرین کی زندگیاں بچانے کے لیے تیار رہیں۔‘‘

لوئس شرائر جرمن ٹیلی کوم کمپنی کی سیلیکون ویلی میں واقع انوویشن لیب میں کام کرتے ہیں۔ ان کے ساتھ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ٹیم بھی مل کر کا کر رہی تاکہ مستقبل میں زلزلے کی صورت میں لوگوں کی زندگیاں بچائی جا سکیں۔ اس ایپ کا نام ’’مائی شیک‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس موبائل ایپ کو آج پیر کے روز بارسلونا میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کیا جا رہا ہے۔

’مائی شیک ایپ‘

اس ایپ کے پیچھے انتہائی سادہ اصول کارفرما ہیں۔ جدید اسمارٹ فون سینسرز سے بھرے ہوئے ہیں۔ یہ ایپ مستقل طور پر موبائل میں موجود ایکسلریشن سینسر سے رابطے میں رہتی ہے، اور اس حرکت کو بھی ریکارڈ کر لیتی ہے جسے بظاہر محسوس کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ زیادہ تر فٹنس ایپس بھی اسی سینسر سے جڑی ہوتی ہیں۔

یہ ایپ زلزلے کی ارتعاش کو فوری طور پر جانچنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس کے ساتھ ہی یہ وقت، مقام اور ارتعاشی شدت کو ایک یو سی بی نامی سرور تک پہنچا دیتی ہے، جہاں ان اعداد و شمار کا تجزیہ شروع ہو جاتا ہے۔ اگر مخصوص علاقے میں کم از کم ساٹھ فیصد اسمارٹ فون یہی سگنل بھیجیں تو سافٹ ویئر فوراﹰ زلزے کی وارننگ جاری کر دیتا ہے۔

ابھی تک اس ایپ کا صرف یہی کام ہے کہ یہ آنے والے زلزلے کی نشاندہی کرتی ہے لیکن مستقبل میں اس کا کام مزید بڑھ جائے گا، ’’ آئندہ برسوں میں ہماری ایپ قبل از وقت انتباہی نظام سے منسلک ہو جائے گی اور اس طرح لوگوں کو موبائل فونز پر پہلے ہی پتہ چل جائے گا کہ زلزلہ آ رہا ہے اور انہیں زندگیاں بچانے کے لیے کچھ کرنا ہے۔