1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری سطح میں اضافہ اندازوں سے کہیں زیادہ

عاطف توقیر26 جنوری 2016

دنیا بھر میں سمندروں کی سطح میں اضافے سے متعلق اب تک دی جانے والی انتباہی اطلاعات کے برعکس اصل میں یہ اضافہ اندازوں سے دوگنا ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HjwA
Argentinien Geisterstadt Epecuen Luftaufnahme
تصویر: Getty Images/AFP/J. Mabromata

جرمن سائنس دانوں کی جانب سے پیر کے روز سامنے آنے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سمندری سطح میں اضافے کو ’کم تر‘ سمجھا جاتا رہا ہے، حالاں کہ یہ اضافہ ماضی میں لگائے جانے والے تخمینوں سے دوگنا ہو رہا ہے۔

نیشل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہونے والی اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق اس اضافے کے تباہ کن نتائج نکل سکتے ہیں، جس میں سمندری طوفان کہیں زیادہ تعداد آنے سے نقصانات بھی بہت زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

سمندروں کی سطح میں اضافہ دو وجوہات کی بنا پر ہوتا ہے، ایک تو قطبین پر موجود برف کا پگھلنا اور دوسری زمینی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے پانی کا پھیلاؤ۔

Infografik Meeresspiegelanstieg um 60 Meter Nord-Brasilien / Uruguay Brasilianisch
کچھ خطوں میں یہ اضافہ انتہائی زیادہ ہے

اب تک یہ سمجھا جا رہا تھا کہ سمندروں کی سطح میں سالانہ بنیادوں پر 0.7 تا ایک ملی میٹر اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی وجہ حرارتی پھیلاؤ ہے۔

اس تازہ جرمن تحقیق میں تاہم کہا گیا ہے کہ سن 2002 سے 2014ء تک سیٹیلائیٹ کی مدد سے جمع کیا گیا ڈیٹا بتا رہا ہے کہ سمندروں کے پھیلاؤ میں اضافہ 1.4 ملی میٹر سالانہ کی اوسط سے ہو رہا ہے۔

اس تحقیقی رپورٹ کے معاون مصنف اور بون یونیورسٹی سے منسلک پروفیسر ژورگن کُشے کے مطابق، ’’آج تک، ہم نے پانی کے حرارتی پھیلاؤ کو کم سمجھا ہے، پانی کا یہ پھیلاؤ عالمی سطح پر سمندروں کی سطح میں اضافے کا اہم محرک ہے۔‘‘

بتایا گیا ہے کہ اگر حرارتی پھیلاؤ کے ساتھ ساتھ قطبین کی برف کے پگھلنے کی وجہ سے پانی کی مقدار میں اضافے کو بھی شامل کر لیا جائے، تو دنیا بھر میں سمندروں کی سطح میں اوسط اضافے 2.74 ملی میٹر سالانہ کے حساب سے ہو رہا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں سمندروں کی سطح میں اضافہ غیرہموار ہے، یعنی بعض علاقوں میں یہ سطح زیادہ اور بعض میں کم بلند ہو رہی ہے۔ فلپائن کے اردگرد سمندری سطح میں اضافہ دیگر خطوں کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محققین کے مطابق مغربی امریکی ساحلوں پر سمندری سطح خاصی مستحکم ہے، کیوں کہ وہاں سمندری حرارت میں کوئی فرق نہیں آیا ہے۔