1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری طوفان ارل شدت اختیار کرتا ہوا

2 ستمبر 2010

بحر اوقیانوس میں سمندری طوفانوں کے اٹھنے کے موسم میں کئی طوفان مختلف ملکوں کی ساحلی پٹیوں سے ٹکرا چکے ہیں۔ ان میں ابھی تک کوئی طوفان کیٹیگری پانچ یعنی انتہائی شدید ترین طوفانوں کی صف میں شامل نہیں ہوا۔

https://p.dw.com/p/P2Dq
سمندری طوفان ڈین کی رفتارتصویر: AP

ارل طوفان شدت اختیار کرتے ہوئے اور تیسرے لیول کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب درجہ چہارم کے طوفان کا روپ دھارنے کے قریب ہے اور یہ شدید طوفان کی کیٹیگری ہے۔ اس کی تصدیق سمندری طوفانوں کی پیمائش کی کسوٹی سافیر سمپسن سکیل سے ہو رہی ہے۔ ارل طوفان کے راستے کے تعین میں اگلے چھتیس سے اڑتالیس گھنٹے انتہائی اہم ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکہ کی مشرقی ساحلی پٹی اس کا نشانہ بن سکتی ہے۔

امریکہ کا نیشنل ہریکین سینٹر اس طوفان کی رفتار اور شدت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اب اس کے ساتھ چلنے والے تیز جھکڑوں کی رفتار 205 کلومیٹر فی گھنٹہ سے آگے نکل گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جس طرح یہ طوفان اپنی قوت جمع کر رہا ہے، اس تناظر میں یہ آئندہ دنوں میں پانچویں لیول کو بھی چھو سکتا ہے۔ سن 1991 میں باب نامی طوفان کے بعد ارل دوسرا بڑا طوفان ہے جو امریکہ کے مشرقی ساحلی علاقے سے ٹکرانے والا ہے۔

ابھی تک اس طوفان کی سمت سے یہ تعین نہیں ہو سکا کہ اگلے دو دنوں میں وہ براہ راست امریکہ کے کس ساحلی علاقے سے ٹکرائے گا ۔ جمعرات کی رات یا جمعہ کی صبح ’ارل‘ امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے سامنے سمندری حصے میں واقع چھوٹے چھوٹے جزائر سے ٹکرا سکتا ہے۔ اس کے بعد شاید اس کی شدت میں کمی واقع ہو جائے۔ ان خطرات کے تناظر میں ارل کے راستے میں آنے والے تمام مقامات پر خطرے کی گھنٹیاں بجا دی گئی ہیں اور نشیبی علاقوں کے لوگوں کو انتباہی نوٹس بھی دے دیا گیا ہے کہ وہ محفوظ علاقوں کی جانب فوری منتقلی کے لئے تیار رہیں۔ بعض ساحلی علاقوں میں لوگوں کی وہاں سے منتقلی کا عمل شروع بھی کر دیا گیا ہے۔ شمالی کیرولائنا کی ڈیئر کاؤنٹی کے لوگوں کا لازمی انخلا بھی شروع ہو چکا ہے۔

Hurricane Gustav: Hohe Wellen am Malecon von Havana, Kuba - freies Format
سمندری طوفان کے ساتھ زور دار سمندری لہریں بھی ساحل سے ٹکراتی ہیںتصویر: AP

امریکی حکام نے ارل طوفان کے حوالے سے شمالی کیرولائنا سے لے کر ڈیلاویئر تک عام لوگوں سمیت صوبائی اور مرکزی حکام کو ہمہ وقت چوکس رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ارل نامی طوفان جس طرح بڑھ رہا ہے، اس مناسبت سے امکانی طور پر اس کی زد میں شمالی کیرولائنا کے علاوہ ریاست ورجینیا، میری لینڈ اور ڈیلاویئر کے کچھ حصے بھی آ سکتے ہیں۔ اس طوفان سے خلیج میکسیکو میں تیل پیدا کرنے والی تنصیبات کو سردست کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اس طوفان سے ورجن آئی لینڈز، سینٹ مارٹن اور پورٹو ریکو میں پچاس ملین ڈالر سے لے کر150 ملین ڈالر تک کے نقصانات ہو چکے ہیں۔ اسی طرح اس طوفان نے لیوارڈ جزائر کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ارل طوفان کے پیچھے پیچھے ایک اور طوفان فیونا بھی روانہ ہے۔ اس کے علاوہ کیپ وردی جزائر کے مغرب اور جنوب مغرب میں موسمی ڈپریشن پیدا ہو چکا ہے اور یہ ایک اور طوفان کا پیش خیمہ بنے گا۔ اس سمندری طوفان کا نام گاسٹن رکھا گیا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں