1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنگاپور کے فوجی کا اسلحہ: بندوق، گرینیڈ اور آئی پیڈ

28 جون 2011

سنگاپور میں بری، بحری اور فضائی افواج میں نئے بھرتی ہونے والے ہر نوجوان کے ضروری جنگی سامان میں رائفل کے ساتھ ساتھ ایک آئی پیڈ بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11kg1
تصویر: picture-alliance/dpa

سنگاپور کی وزارت دفاع کے مطابق رواں برس نومبر سے بھرتی کیے جانے والے نئے فوجیوں کو تقریباً آٹھ ہزار آئی پیڈ فراہم کیے جائیں گے۔ ٹچ اسکرین ٹیبلٹ کمپیوٹر آئی پیڈ سنگاپور کی ٹیکنالوجی کی دلدادہ نوجوان نسل میں ویسے بھی بے حد مقبول ہے۔

وزارت دفاع کے مطابق وہ اگلے برس سے دیگر فوجیوں کو بھی آئی پیڈ فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سنگاپور میں اس وقت آئی پیڈ کے سستے ترین ورژن کی قیمت 668 سنگاپوری ڈالر ہے، جو کہ 538 امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔

سنگاپور کے وزیر دفاع نیوکیان ہونگ کے مطابق آئی پیڈ کی بدولت سنگاپور آرمڈ فورسز (SAF)کو نوجوانوں کی ٹیکنالوجی سے متعلق صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ سنگاپور کے ایک اخبار Straits Times نے ہونگ کے حوالے سے لکھا ہے:’’دستیاب تازہ ترین معلومات اور معروف کیمیونیکشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہم آج کل کے ٹیکنالوجی سے وابستہ فوجیوں کی ذہنی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔‘‘

اخبار کے مطابق فوجی کسی بھی آپریشن کے دوران آئی پیڈ کے بِلٹ ان کیمرے کی بدولت تصاویر اور ویڈیوز بنا سکتے ہیں اور انہیں فوری طور پر SAF کے آن لائن پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ ان معلومات کو آپریشن کے بعد کی ضروری جانچ پڑتال کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اخبار مزید لکھتا ہے کہ فوجی لائیو میسجنگ سسٹم یعنی براہ راست پیغامات کے نظام کی بدولت اپنے کمانڈروں کو سوالات بھیج سکتے ہیں اور گروپ ڈسکشن بھی اس کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

سنگاپور آرمڈ فورسز کا کہنا ہے کہ وہ پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ مل کر اپنی فوج کے لیے آئی پیڈ پر کام کرنے والی خصوصی ایپلیکیشنز تیار کر رہی ہے۔

سنگاپور کی ملٹری کو ایشیا کی بہترین فوجی سازوسامان سے مسلح فوج قرار دیا جاتا ہے۔ سنگاپور کے 18 سال سے زاید ہر مرد شہری کے لیے دو سال کے لیے فوجی تربیت حاصل کرنا لازمی ہے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: امجد علی