1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوئٹزرلینڈ: سنگین جرائم کے مرتکب تارکین وطن کی ملک بدری

29 نومبر 2010

سوئٹزرلینڈ میں اتوار کے روز ہونے والے ایک ریفرنڈم میں اکثریت نے اس تجویز کے حق میں ووٹ دیا ہے کہ ایسے تارکین وطن کو جوکسی سنگین جرم کا ارتکاب کرتے ہیں انہیں قانونی طور پر ملک بدرکردیا جائے۔

https://p.dw.com/p/QLAr
تصویر: Selma Güven Stroppel

ان نتائج کو یورپی ملک سوئٹزرلینڈ میں تارکین وطن کے خلاف بڑھتی ہوئی مخالفت کا ایک اور ثبوت قرار دیا جارہا ہے۔ ملک بدری کی یہ تجویز دائیں بازو کی جماعت سوئس پیپلز پارٹی (SVP) کی جانب سے پیش کی گئی تھی جو کہ حالیہ برسوں میں ملک میں تارکین وطن کے خلاف بڑھتے ہوئے جذبات اور خوف کی وجہ سے ملک میں ایک نئی طاقت بن کر ابھری ہے۔

گزشتہ برس سوئٹزلینڈ نے ملک میں میناروں والی عمارات کی تعمیر پر پابندی لگائی گئی تھی جس کے بعد عالمی سطح پر اس فیصلے کی مذمت کی گئی۔ سوئس پیپلز پارٹی کے رہنما ٹونی برونر تارکین وطن سے توقعات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کرتے ہیں، ’ہم چاہتے ہیں کہ وہ سب تارکین وطن جو سوئٹزرلینڈ میں رہتے ہیں وہ یہاں کے قوانین اور طور طریقوں کےمطابق رہیں۔‘ برونر کا مزید کہنا تھا کہ یہ ووٹ دراصل تارکین وطن کی طرف سے کئے جانے والے جرائم کو برداشت نہ کرنے کا واضح اشارہ ہے۔

Referendum in der Schweiz
ریفرنڈم میں 53 فیصد ووٹروں نے ایسے تارکین وطن کو خودکار طریقے سے ملک سے نکال دینے کے حق میں ووٹ دیا جو قتل، آبروریزی ، انسانی یا منشیات کے سمگلنگ میں ملوث ہوںتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری طرف اس ریفرنڈم کے مخالف ہزاروں افراد نے زیورخ میں احتجاج کیا اور کئی دکانوں کے شیشے توڑ دئے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت بیرن میں بھی قریب پانچ سو افراد نے اس ریفرنڈم کے خلاف مظاہرہ کیا۔ ان میں سے کچھ افراد نے ملکی پارلیمان کے باہر تعینات پولیس پر بوتلیں اور برف کے گولے بناکر پھینکے۔

ایک سوئس ٹیلی وژن کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے ریفرنڈم میں 53 فیصد ووٹروں نے ایسے تارکین وطن کو خودکار طریقے سے ملک سے نکال دینے کے حق میں ووٹ دیا جو قتل، آبروریزی ، انسانی یا منشیات کے سمگلنگ میں ملوث ہوں۔

اس تجویز کی مخالفت کرنے والی سوئٹزلینڈ کی بائیں بازو کی اعتدال پسند جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ کرسٹیان لیورَٹ کے بقول یہ صورتحال ملک کے لئے زیادہ خوش آئند نہیں ہے۔ سوئس حکومت کے اعدادوشمار کے مطابق ملک کی کُل 77 لاکھ آبادی کا پانچواں حصہ غیرملکی تارکین وطن پر مشتمل ہے۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں