1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوشل میڈیا کا استعمال، دلہن کو شادی کے دو گھنٹے بعد طلاق

26 اکتوبر 2016

سعودی عرب کے ایک شہری نے اپنے شادی کے صرف دو گھنٹے بعد ہی اپنی نئی نویلی دلہن کو طلاق دے دی۔ دلہن نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا کی ایک ایپ سنیپ چیٹ پر پوسٹ کر دی تھیں۔

https://p.dw.com/p/2RjKF
Bildergalerie Traditionelle Hochzeit in Iran
تصویر: Mehr

سعودی عرب میں ایک شخص نے اپنی دلہن کو شادی کے صرف دو گھنٹے بعد اُس وقت طلاق دے دی، جب اسے یہ پتا چلا کہ اس کی بیوی نے شادی کی تصاویر اپنی سہیلیوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔ دلہن کے بھائی کا نام ظاہر  نہ کرنے کی شرط پر سعودی عرب کے عکاظ نامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ شادی کے معاہدے میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ دلہن سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرے گی، سنیپ چیٹ، انسٹاگرام اور ٹوئیٹر وغیرہ کے استعمال پر پابندی کی شرط تھی اور یہ بھی لکھا تھا کہ شادی کی تصاویر شیئر نہیں کی جائیں گی۔‘‘

Symbolbild Liebe Schere und Ring
تصویر: Fotolia/Jens Klingebiel

دلہن کے بھائی کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا، ’’بدقسمتی سے میری بہن نے شادی کے معاہدے کی پاسداری نہیں کی اور شادی کی تصاویر اپنی سہیلیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔‘‘

دلہن کے خاندان کا کہنا تھا کہ خاوند انتہائی سخت مزاج ہے۔ دوسری جانب دلہے کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ دلہے کو طلاق دینے کا حق حاصل تھا۔

سعودی قانون کے مطابق کوئی بھی خاوند کسی بھی وقت بغیر کسی قانونی وجہ کے بیوی کو طلاق دے سکتا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ دوسری جانب خواتین کو طلاق کے لیے شوہر کی رضامندی کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو اسے عدالت سے رجوع کرنا پڑتا ہے۔

بچوں کی ایک خاص عمر کے بعد خاتون کو اپنے بچے بھی اپنے پاس رکھنے کا حق نہیں ملتا۔