1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوڈان: ایبی کو غیر فوجی علاقہ بنانے پر اتفاق

21 جون 2011

شمالی اور جنوبی سوڈان کے درمیان ایبی کے متنازعہ علاقے کو غیر فوجی بنانے پر سمجھوتہ طے پا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11fsH
تصویر: AP

جنوبی افریقہ کے سابق صدر تھابو ایم بیکی ، جو افریقی یونین کے پینل کے سربراہ بھی ہیں، نے شمالی اور جنوبی سوڈان کے درمیان اس سمجھوتے کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس معاہدے پر ادیس آبابا میں دستخط کیے گئے۔

شمالی سوڈان نے اکیس مئی کو ایبی پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں وہاں کے شہریوں کو جنوب کی طرف نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔ ایتھوپیا کے چار ہزار امن فوجی جلد اس علاقے کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔ جنوبی سوڈان نو جولائی کو باقاعدہ طور پر شمال سے علیحدگی کا اعلان کر دے گا۔ سن دو ہزار پانچ تک سوڈان میں دو دہائیوں پر محیط خانہ جنگی میں بیس لاکھ افراد کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔

Flash-Galerie Sudan Brennendes Lager
ایبی میں شدید کشیدگی کے باعث ہزاروں افراد وہاں سے نقل مکانی کر چکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

اقوامِ متحدہ کی سکیورٹی کونسل نے اس معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے سوڈان کے امن کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے ایبی کو غیر فوجی علاقہ بنانے سے متعلق معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اب یہ فریقین کا ایک طرح کا امتحان ہے کہ وہ اس معاہدے کو کس طرح نافذ العمل کرتے ہیں۔

کلنٹن کہتی ہیں: ’یہ سمجھوتہ ایک انتہائی اہم پہلا قدم ہے مگر فریقین کی سنجیدگی کا امتحان آنے والے دنوں میں ہوگا۔ ہم اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ذریعے ایک قراردار منظور کرانے کی کوشش کریں گے جو کہ ایتھوپیائی امن فوجیوں کی ایبی میں جلد از جلد تعیناتی کو ممکن بنائے گی۔ میں دونوں فریقین پہ زور دے کے کہوں گی کہ وہ علاقے سے اپنی افواج کے انخلاء اور وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی کو ممکن بنانے کے لیے اقدامات کریں۔‘

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں