1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈش شارٹ فلم نےگولڈن بئیر اعزازی انعام حاصل کرلیا

17 فروری 2010

ساٹھویں برلینالے کے پانچویں روز ’شارٹ فلموں‘ کے مقابلے میں سویڈن کی فلم ’ہینڈلزے وید بنک ‘ نے اعزازی گولڈن بئیر کا انعام حاصل کیا۔ سلور بئیر کی حقدار قرار پائی اسرائیل کی شارٹ فلم ’ ہائیریدا۔

https://p.dw.com/p/M4EP
گولڈن بئیر کا اعزازی انعام پانے والی سویڈش فلم "Händelse vid bank"تصویر: Internationale Filmfestspiele Berlin

ساٹھویں بین الاقوامی فلم میلے بیرلینالے میں مختصر فلموں کے مقابلے میں سویڈش شارٹ فلم نے گولڈن بیئر کا اعزازی انعام حاصل کیا ہے۔

اس بین الاقوامی فلمی میلے میں مختلف کیٹیگریز کی فلموں کے مقابلے کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ تمام دنیا کی توجہ کا باعث بنے ہوئے جرمن دارالحکومت برلن میں فلم میلے بیرلینالے کے پانچویں روز ’شارٹ فلموں‘ کے مقابلے میں انعام کی حقدار قرار دی جانے والی فلموں کو گولڈن اور سلور بیئر انعامات سے نوازا گیا۔

مختصر یا شارٹ فلموں کی کیٹیگری کے مقابلے میں شامل سویڈن کی فلم ’ہینڈلزے وید بنک‘ نے اعزازی گولڈن بیئر کا انعام حاصل کیا۔ یہ ایوارڈ بیرلینالے میں شامل مختلف کیٹیگریز کی بہترین فلموں کو دیا جاتا ہے۔ اس فلم کے ہدایت کاروؤلف گانگ کوہل ہازے کو بدھ کی شام ایک شاندار تقریب میں اس انعام سے نوازا گیا۔ ان کی اس فلم کا موضوع ایک بینک ڈکیتی کی ناکام کوشش ہے۔ سلوربیئر کی حقدارقرارپائی اسرائیل کی شارٹ فلم ’ہائیریدا‘ کے ہدایت کارشائی میڈسینسکی ہیں۔ شائی نے اپنی اس فلم میں ایک فیملی فرینڈ کی اپنے بیٹے کی قبر کے لئے کتبے کی تلاش کے موضوع پر فوکس کیا ہے۔ ان کی اس فلم میں اس خاندان کے افراد کو صحراؤں میں کتبے کی تلاش میں سرگرداں پھرتے دکھایا گیا ہے۔

Kombo Ein silberner Berlinale-Bär ein silberner Berlinale-Bär Flash-Galerie
برلینالے کا گولڈن اور سلور بئیر ایوارڈتصویر: picture alliance/zb

اس مرتبہ تعلیمی تبادلے کے جرمن پروگرام ’ڈاڈ‘ کے نام سے فنکاروں کے لئے مختص کئے جانے والے وظیفے کے انعام یعنی ’ڈاڈ کونسٹلرپروگرام‘ کا انعام حاصل کیا رومانیہ سے تعلق رکھنے والے ہدایت کار’آڈریان سیتارو‘ کی فلم ’کولیتی‘ کے لئے۔ ’کولیتی‘ کا مطلب ہے ’پنجرہ‘۔ یہ کہانی ایک باپ اور بیٹے کے گرد گھومتی ہے، جو ایک کبوتر کے ملنے سے بہت زیادہ پرُجوش نظر آرہے ہیں۔

اس کے علاوہ بہترین یورپی شارٹ فلم کا انعام حاصل کیا بیلجیئم کی ہدایت کارہ ناتالی ٹائیرلنک نے اپنی فلم ’Venus Vs Me‘ کے لئے۔ اس تجرباتی فلم میں ایک نہایت پیچیدہ ’اسمبلینگ ٹیکنیک‘ کی مدد سے بچپن کی یادوں کو بیان کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی فلم میلے بیرلینالے کی 60 ویں سالگرہ کی بہت سی تقاریب منائی جا رہی ہیں اور اسی مناسبت سے اس بار ایک کے بجائے دو اعزازی گولڈن بیئر کے انعامات رکھے گئے ہیں۔

20.02.2010 DW-TV Kultur.21 Hanna Schygulla
ہانا شیگولا

دوسرا گولڈن بیئر ایوارڈ حاصل کیا معروف جرمن اداکارہ اور گلوکارہ Hanna Schygulla نے۔ ان کے والد دوسری عالمی جنگ میں جرمن فوج کے انفنٹری دستے میں شامل تھے۔ انہیں امریکی فوج نے قید کرلیا تھا اوروہ سن 1948 تک اٹلی میں جنگی قیدی کی حیثیت سے مقید رہے۔ مشکل حالات زندگی میں بھی Hanna نے اپنی تعلیم جاری رکھی اور میونخ سے لسانیات، رومانس اور جرمن کی تعلیم حاصل کی۔ Hanna Schygulla کا شمار نئے جرمن سنیما کی معروف ترین ایکٹرسز میں ہوتا ہے۔

بیرلینالے کے ڈائریکٹر ڈیٹر کوسلک کے مطابقHanna Schygulla کو مشرقی اورمغربی جرمنی، دونوں ہی میں تجدید اور نئی جہت کے تناظر میں غیر معمولی کردار کا حامل سمجھا جاتا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: گوہر نذیر گیلانی