1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سویڈش شہر مالمو، یورپی بغداد

22 نومبر 2019

براعظم یورپ کے شہر مالمو میں گولیاں چلنا اور بم دھماکے معمول کی زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔ مالمو کے شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر پرتشدد جرائم پر مبنی واقعات کا سامنا ہے۔

https://p.dw.com/p/3TXDV
Schweden Explosion in Malmö
تصویر: Getty Images/AFP/TT News Agency/J. Nilsson

سویڈش شہر مالمو میں رواں برس کے دوران اب تک انتیس بم دھماکے رپورٹ کیے گئے ہیں۔ تقریباً سوا تین لاکھ  کی آبادی والے اس شہر میں اکتوبر کے اختتام تک فائرنگ کے پچاس واقعات بھی ہو چکے ہیں۔ سویڈن ایک ایسا ملک ہے جہاں قانونی طور پر بندوق کا حصول بہت ہی مشکل خیال کیا جاتا ہے۔

مالمو سویڈن کا تیسرا بڑا شہر ہے اور ایک علمی شہر ہونے کی شہرت بھی رکھتا ہے۔ مالمو شہر کی شہرت بحری جہاز سازی رہی ہے۔ اس شہر میں بڑی تبدیلی اُورسند پل کی تعمیر ہے، اس پل نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن سے مالمو کا رابطہ استوار کیا ہے۔ یہ شہر جوئے کھیلنے کا بھی ایک بڑا مرکز بن چکا ہے۔ مالمو کا ہر تیسرا شہر تارکین وطن پس منظر کا حامل ہے۔

Schweden Explosion in Malmö
سویڈش شہر مالمو میں رواں برس کے دوران اب تک انتیس بم دھماکے رپورٹ کیے گئے ہیںتصویر: Getty Images/AFP/TT News Agency/J. Nilsson

مالمو میں منشیات فروشوں کے مختلف گروپس سرگرم ہیں۔ رواں ہفتے کے دوران ایک گینگ نے شہر کے وسطی حصے میں واقع روزمرہ اشیا کی ایک دوکان کے مالک کو مجبور کرنے کی کوشش کی کہ وہ منشیات کی ایک کھیپ کو دوکان میں چھپائے۔ یہ معاملہ الجھتا گیا اور پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔ مقامی پولیس بھی شہر میں پرتشدد واقعات کو منشیات فروشوں کے گروپوں کی کاروباری چپقلش سے نتھی کرتی ہے۔

 ابھی چند روز قبل نو نومبر کو ایک پیزا شاپ کے باہر دو طرفہ فائرنگ کا ایک واقعہ رونما ہوا۔ اس فائرنگ میں ایک پندرہ سالہ ٹین ایجر کسی جانب سے آنے والی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گیا جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گیا۔ حکومت نے اس صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کر دی ہے اور اس کی ذمہ داری ان منشیات فروشوں کے گروپوں کی مکمل سرکوبی ہے۔

Schweden Schießerei in Malmö
مالمو کی پولیس نے پرتشدد حالات کا ذمہ دار منشیات فروشوں کو قرار دیا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/TT News Agency/J. Nilsson

مالمو میں ہونے والی فائرنگ میں عموماً منشات فروشوں کے کارکن ہلاک ہو رہے ہیں لیکن ان چلنے والی گولیوں کی لپیٹ میں راہ گیر بھی آتے رہتے ہیں۔ انہی راہ گیروں میں اکتیس برس کی ڈاکٹر کیرولین حکیم بھی شامل ہیں۔ انہیں اُس وقت گولی لگی جب وہ اپنا بچہ اپنی بانہوں میں اٹھائے ہوئے تھیں۔

اس صورت حال پر عام لوگوں کو شدید تشویش لاحق ہے۔ ٹاسک فورس کے قیام پر بعض تجزیہ کاروں نے اطمینان کا سانس لیا ہے۔ ان کا خیال ہے کہ شہر والوں اور قریبی بستیوں کے لیے یہ ایک مثبت قدم ہے۔ اس کے علاوہ منشیات فروش اسمگلروں کے نام یہ ایک زوردار پیغام بھی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ عملی اقدامات سے مالمو میں عام لوگ آرام و سکون کی زندگی دوبارہ بسر کر سکیں گے۔

مالمو میں سن 2017 کے بعد سے پرتشدد واقعات میں کمی دیکھی گئی ہے۔ سن 2017 میں اٹھاون بم دھماکے اور فائرنگ کے  اکیاسی واقعات ہوئے تھے۔ مقامی انتظامیہ کو ابھی بھی شہر کے حالات تبدیل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔

نینسی ازینسن (عابد حسین)