1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سٹِنگ کا نیا البم، مہاجرین کا موضوع بھی شامل

30 ستمبر 2016

مشہور برطانوی سنگر سٹِنگ اپنے تازہ میوزک البم میں مہاجرین کے موضوع پر طبع آزمائی کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے برلن میں شامی مہاجرین سے نہ صرف ملاقات کی بلکہ ایک گانے کی شوٹنگ کے لیے اجازت بھی طلب کی۔

https://p.dw.com/p/2QmdG
Sting
تصویر: Joseph Eid/AFP/Getty Images

لیجنڈ موسیقار اور گلوکار سٹِنگ نے اپنے نئے البم 57th and 9th کے بارے میں گفتگو میں اے ایف پی کو بتایا، ’’میں نے یہ ضروری سمجھا کہ میں اس موضوع (مہاجرت) کو اپنے البم کا حصہ بناؤں۔‘‘ اس البم کے ایک سکور (گیت) ’انشااللہ‘ کی شوٹنگ میں وہ مہاجرین کی ایک کشتی میں سوار اپنی سلامتی کے لیے بے چین نظر آتے ہیں۔

مہاجرین کا بحران، یورپی سیاست کیا رنگ اختیار کر رہی ہے؟

ہنگری میں ریفرنڈم، مسلمانوں کو ’نفرت انگیز رویوں‘ کا سامنا

مہاجرین اور مسلمان مخالف جرمن پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ

یہ البم گیارہ نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔ سابق میوزک بینڈ ’پولیس‘ کے اسٹار سٹِنگ کے مطابق اس روک البم میں وہ ایک نئی توانائی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ایک طویل عرصے سے ان کا کوئی نیا البم مارکیٹ میں نہیں آیا ہے۔ تیرہ برس کے وقفے کے بعد سٹِنگ نے ایک مرتبہ پھر روک میوزک پر کام کرنے کی ٹھانی ہے۔

سٹِنگ کا حقیقی نام گورڈن میتھیو ٹامس ہے جبکہ وہ دو اکتوبر کو 65 برس کے ہو جائیں گے۔ وہ ایک طویل عرصے سے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بھی سرگرم ہیں۔ وہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ایک اہم حامی تصور کیے جاتے ہیں۔ برلن میں شامی مہاجرین سے ملاقات کے دوران سٹِنگ نے ان کے مہاجرت کے سفر کے بارے میں دریافت کیا اور ’انشاللہ‘ پر پرفارم بھی کیا۔

سٹِنگ نے بتایا کہ ’انشااللہ‘ ایک خوبصورت لفظ ہے، جس کے معنی بھی بہت اعلیٰ ہیں، یعنی ’خدا کی رضا‘۔ سٹِنگ نے کہا کہ ’انشااللہ‘ میں ایک قسم کی امید اور حوصلہ پنہاں ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ یورپ کو اس وقت دوسری عالمی جنگ کے بعد مہاجرین کے بدترین بحران کا سامنا ہے۔ گزشتہ برس ایک ملین سے زائد مہاجرین تنازعات اور جنگی حالات سے بچ کر یورپ پہنچے تھے۔

Griechenland Flüchtlingsunterkünfte
یورپ کو اس وقت دوسری عالمی جنگ کے بعد مہاجرین کے بدترین بحران کا سامنا ہےتصویر: picture-alliance/dpa/O. Panagiotou

مہاجرت کے بحران کے بارے میں سٹِنگ نے کہا، ’’میں نہیں جانتا کہ اس بحران کا سیاسی حل کیا ہے۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ اس کا حل موجود ہے۔‘‘ انہوں نے اصرار کیا کہ اس صورتحال میں جنگ اور تنازعات کے شکار افراد کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کے حل کی خاطر رجائیت پسندی انتہائی اہم ہے۔

اپنے المبوں کی ایک سو ملین کاپیاں فروخت کرنے والے سٹِنگ کے بقول انہیں اب اپنے کام کے لیے کمرشل حوالوں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اب وہ اپنی توجہ تبدیلی پر مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔