1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سٹے بازوں کا پاکستانی کرکٹرز سے رابطہ نہیں ہوا، لورگٹ

10 اگست 2009

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ اس کے اینٹی کرپشن یونٹ کو سری لنکا میں پاکستانی کرکٹرز کے سٹے بازوں سے رابطے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

https://p.dw.com/p/J7Gl
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ ایسے شواہد یا ثبوت نہیں ملے جن سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہوتصویر: AP

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگٹ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی یونٹ نے تمام چھان بین کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دورہ سری لنکا میں پاکستانی کرکٹرزسے بھارتی سٹے بازوں کا کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے ہر ایونٹ میں اینٹی کرپشن کا یونٹ موجود ہوتا ہے اوراس طرح کے کسی بھی اقدام کی روک تھام کے لئے اپنا کرداربخوبی ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹے بازوں کے کھلاڑیوں سے رابطوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تاہم اس کے لئے متعلقہ بورڈز اورآئی سی سی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

Abdul Qadir
پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ دورہ سری لنکا میں کولمبو کے جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم ٹھہری وہیں بھارتی سٹے بازوں نے بھی قیام کیاتصویر: AP

پاکستان کے سابق چیف سلیکٹر عبدالقادر کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ دورہ سری لنکا میں کولمبو کے جس ہوٹل میں پاکستانی ٹیم ٹھہری وہیں بھارتی سٹے بازوں نے بھی قیام کیا۔ ان اطلاعات پر پاکستانی بورڈ نے آئی سی سی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے عبدالقادر کے خلاف غلط الزامات عائد کرنے پر قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا تھا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ہارون لورگٹ نے کہا ہے کہ ایسے شواہد یا ثبوت نہیں ملے جن سے ان الزامات کی تصدیق ہوتی ہو۔ ان کا کہنا تھا، ’’آئی سی سی اور اس کے ممبرز بدعنوانی کے معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے تاکہ ہمارے کھیل کی تکریم کسی صورت متاثر نہ ہو۔ سپرٹ اس کھیل کا اہم ترین اثاثہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی ایسی ہر شکایت پر موثر تحقیقات کرتی ہے۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسراعوان