1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپراس جیت گئے، یونان میں بائیں بازو کی دوبارہ حکومت

عاطف توقیر21 ستمبر 2015

یونان میں بائیں بازو کی جماعت سیریزا پارٹی گزشتہ روز منعقدہ عام انتخابات میں کامیاب ہو گئی ہے۔ آج پیر کے روز الیکسِس سپراس دوبارہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1GZnN
تصویر: Reuters/M. Karagiannis

رواں برس دوسری مرتبہ منعقد ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے عوامی جائزے بائیں بازوں کی جماعت سیریزا پارٹی اور قدامت پسند جماعت نیو ڈیموکریسی پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کا بتا رہے تھے، تاہم اتوار کے انتخابات میں غیرمتوقع طور پر سیریزا پارٹی نے کامیابی حاصل کر لی۔

تقریباﹰ تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہو جانے پر جاری کردہ نتائج کے مطابق سیریزا پارٹی کو 35 فیصدسے زائد ووٹ پڑے ہیں جب کہ اس کی سب سے بڑی حریف نیو ڈیموکریسی پارٹی کو صرف 28 فیصد ووٹروں کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ انتہائی دائیں بازو کی جماعت گولڈن ڈان یونان میں تیسری بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے اور اسے سات فیصد ووٹ پڑے ہیں۔

Infografik Sitzverteilung Griechisches Parlament Englisch
سپراس کی جماعت ان انتخابات میں سب سے آگے رہی

گزشتہ روز پولنگ ختم ہونے کے صرف دو گھنٹوں بعد ہی نیوڈیموکریسی پارٹی کے سربراہ وینجیلوس میمارکِیس نے اپنی شکست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جب کہ اس کے کچھ ہی دیر بعد سپراس نے اپنی فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سابق حکومت میں اپنے جونیئر اتحادی جماعت کے ساتھ مل کر حکومت سازی کریں گے۔ گزشتہ حکومت میں انڈیپنڈنٹ گریکس نامی جماعت جونیئر پارٹنر تھی۔

یہ بات اہم ہے کہ یونان اور قرض دہندہ اداروں کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت سپراس حکومت سخت ترین بچتی اقدامات پر راضی ہو گئی تھی، تاہم اس معاہدے کی وجہ سے حکمران جماعت سیریزا پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔ گزشتہ ماہ کے وسط میں حالت یہ تھی کہ سپراس حکومت کو کوئی قانونی مسودہ منظور کرانے کے لیے اپنی جماعت سے ووٹ نہیں مل رہے تھے بلکہ اپوزیشن حکومتی بل منظور کرنے میں کردار ادا کر رہی تھی، جس کے بعد سپراس نے قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا۔

وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے پر سیریزا پارٹی کے متعدد رہنماؤں نے بچتی اصلاحات مخااف اور یورو مخالف ایک نئی پارٹی تشکیل دے دی تھی، تاہم اتوار کے انتخابات میں اسے صرف 2.8 فیصد ووٹ ملے اور وہ پارلیمان میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہی۔

اتوار کے انتخابات کے ذریعے سپراس کی جماعت سیریزا پارٹی کو پارلیمان کی 300 نشستیوں میں سے 145 نشستیں مل گئی ہیں جب کہ آزاد گریکس کی دس نشستیوں کے ساتھ سپراس کو 155 ارکانِ پارلیمان کا ساتھ حاصل ہے۔