1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سپین میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

4 دسمبر 2010

سپین میں ہوا بازی کے محکمے کی ہڑتال کے سبب ہزاروں مسافر ہوائی اڈوں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ حکومت نے صورتحال کے پیش نظر ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/QPbR
نائب وزیر اعظم الفریڈو روبالکاباتصویر: picture-alliance/ dpa

1975ء میں فرانسیسکو فرانکو کی آمریت کے خاتمے کے بعد سے اب تک سپین میں ہنگامی حالت نافذ نہیں ہوئی تھی۔ میڈرڈ میں نائب وزیر اعظم الفریڈو روبالکابا نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ہنگامی حالت نافذ کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا، ’ہڑتال کرنے والوں کو کام پر آنے کا کہا جائے گا، انہوں نے ہدایات پر عمل نہ کیا تو ان کا معاملہ فوری طور پر عدلیہ کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔ ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا، جس کے نیتجے میں انہیں سزائے قید بھی ہو سکتی ہے۔’

General Francisco Franco
سابق ہسپانوی آمر فرانسیسکو فرانکوتصویر: AP

جمعہ کو فوج نے ہوائی اڈوں کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔ یہ ہڑتال ایسے وقت میں کی جارہی ہے، جب سپین پر معاشی بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ہسپانوی حکومت بجٹ خسارے پر قابو پانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ اس ضمن میں کفایت شعاری کے منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ ممکنہ بیل آؤٹ پیکج کی وصولی کی نوبت نہ آئے۔

ہسپانوی میڈیا نے موجودہ صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ہڑتال کرنے والوں کی مذمت کی ہے۔ ہڑتال کرنے والوں پر الزام ہے کہ موجودہ ملکی حالات میں ان کے مطالبات بے جا ہیں۔ اس ہڑتال کی وجہ سے سیاحت کی صنعت پر بھی منفی اثرات پڑ سکتے ہیں جس کا حصہ سپین کی مجموعی قومی پیداوار کے 11 فیصد کے برابر ہے۔

ہڑتال کرنے والوں کا ہوا بازی کے سرکاری محکمے AENA سے اجرت اور کام کی نوعیت پر پرانا تنازعہ چلا آرہا ہے۔ معاملے میں پیشرفت نہ ہونے پر ایئر ٹریفک کنٹرولر ناسازی طبعیت کے عضر پر کام پر نہیں آئے اور یوں لگ بھر سپین بھر میں فضائی آمدورفت کا نظام مفلوج ہوکر رہ گیا۔

Spanien Proteste Streik 8. Juni 2010
عوامی شعبوں میں ملازمتوں میں کٹوتی کے خلاف مزدور اتحاد کا ایک مظاہرہ، فائل فوٹوتصویر: picture alliance/dpa

واضح رہے کہ ہڑتال کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔ اس غیر رسمی عمل کے بعد ہسپانوی کابینہ نے ہنگامی اجلاس میں قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے فضائی سفر کا نظام سنبھالنے والے کارکنوں کے اوقات کار میں سالانہ بنیادوں پر تبدیلی کی اور کسی بھی ہنگامی صورت میں یہ کام فوج کو سپرد کرنے کی منظوری دی۔

حکومت نے AENA کے 49 فیصد حصص نیلام کرنے کی بھی منظوری دی جس کی مزدور اتحاد نے شدید مخالفت کی ہے۔ مزدور اتحاد USCA کا کہنا ہے کہ ان کے ارکان ہڑتال پر نہیں بلکہ یہ ایک مقبول مزاحمت ہے۔ Iberia اور Ryanair سمیت متعدد دیگر فضائی کمپنیوں نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے محدود وقت تک پروازوں کے متاثر ہونے سے آگاہ کردیا ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں