1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سچن تندولکر کی ایک اور ڈبل سنچری

12 اکتوبر 2010

بھارتی سٹار بیٹسمین سچن تندولکر نے آسٹریلیا کے ساتھ ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنا لی ہے۔ یہ ان کے کیریئر کی چھٹی ڈبل سنچری ہے جبکہ گزشتہ چار میچز کے دوران انہوں نے یہ اعزاز دوسری مرتبہ حاصل کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PcQO
سچن تندولکرتصویر: AP

بنگلور میں جاری چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں تندولکر کی ڈبل سنچری کی بدولت بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 17 رنز کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 478 رنز بنائے جبکہ بھارت نے اس کے جواب میں پیر کو کھیل ختم ہونے تک پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 435 رنز بنائے تھے۔ منگل کو میزبان ٹیم اپنے ٹوٹل میں 60 رنز کا اضافہ کر سکی اور 495 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئی۔

سچن تندولکر اس سے پہلے اپنی ڈبل سنچری مکمل کر چکے تھے۔ وہ 214 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹے، جس کے بعد بھارتی لوئرآرڈر کھلاڑی محض نو رنز بنا سکے۔

پیر کو کھیل کے اختتام تک تندولکر اپنی اس چھٹی ڈبل سنچری سے کچھ ہی دور تھے اور ان کا ذاتی سکور 191 تھا۔ تاہم منگل کو کھیل شروع ہونے کے 25 منٹ بعد انہوں نے یہ ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 22 چوکے اور دو چھکے لگائے۔

اس سے قبل تندولکر نے رواں برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھی ڈبل سنچری سکور کی تھی۔ تب انہوں نے 203 رنز بنائے تھے۔

Der indische Cricketspieler Sachin Tendulkar
تندولکر اپنے کرکٹ کیریئر کے اکیسویں برس میں ہیںتصویر: AP

سینتیس سالہ تندولکر اپنے کرکٹ کریئر کے 21 ویں برس میں ہیں، وہ رواں برس کے دوران پہلے ہی چھ مرتبہ ایک سو رنز کی سطح سے آگے جا چکے ہیں جبکہ آسٹریلیا ہی کے خلاف موہالی میں کھیلے گئے گزشتہ ٹیسٹ میں انہوں نے 98 رنز بنائے تھے۔ موہالی ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم ڈرامائی انداز میں ایک وکٹ سے جیت گئی تھی اور یوں اس سیریز میں اسے ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔

بنگلور ٹیسٹ کے دوران بھارتی ٹیم تقریباﹰ نو گھنٹے تک کریز پر رہی۔ اس اننگز میں اوپنر ایم وجے نے بھی سنچری سکور کی۔ ان کا انفرادی سکور 139 رہا۔ قبل ازیں آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے دوران اس کے بلے باز ایم جے نارتھ نے 128 رنز بنائے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں