1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیکیورٹی ذمہ داریا ں عراقی دستوں کو منتقل

رپورٹ ، عدنان اسحاق / ادارت شامل شمس 30 جون 2009

جھ سال بعد عراقی دستےحفاظتی انتظامات سنھالیں گے۔ امریکی فوج آج سے بغداد سمیت دیگر شہروں کام کنٹرول عراقی دستوں کو سونپ رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IdpB
تصویر: AP

آج سے عراقی دستے دارلحکومت بغداد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں سیکیورٹی کی مکمل ذمّے داریاں سنبھالنے جا رہے ہیں۔ حکومت نے آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ بغداد کے ایک اعلی اہلکار نے اس موقع پر بتایا کہ آج ہرعراقی خوش ہے کیونکہ آج سے انکی حفاظت کی ذمہ داری انکے اپنے ہاتھ میں ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دشمن طاقتیں اس موقع پر صورتحال کو بگاڑنے کی کوشش کر سکتی ہیں لیکن سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔


اس ماہ کے دوران ہونے والے بم دھماکوں کے بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں اور اس موقع پرموٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ عراقی وزرات داخلہ کے اہلکار عبدالکریم نے بتایا کہ اس ماہ ہونے ہونے والے کئی بم دھماکوں میں موٹر سائیکل استعمال کی گئیں تھیں اور خطرہ ہے کہ دہشت گرد مزید حملے کرنے کے لئے دوبارہ یہی طریقہ استعمال کر سکتے ہیں اسی وجہ سے پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


سوموار کے روز امریکی دستوں نے عراقی وزرات کی عمارت کو بغداد حکومت کے حوالے کر دیا۔ چھ سال قبل امریکی دستوں نے عراق میں داخل ہونے کے بعد سے اس عمارت کو اپنے زیر استعمال رکھا تھا۔ عراق میں آج کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اوراسے بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ گذشتہ شب ہزاروں افراد بغداد کی سڑکوں پر نکل آئے اورآتش بازی کی۔ بیرون ملک مقیم مشہورعراق فنکار جیسا کہ صلاح حسن ، قاسم سلطان اور عابد فلک ان تقریبات میں شرکت کے ملک واپس آئے ہیں۔ ایک بیس سالہ نوجوان احمد علی نے بتایا کہ 2003 ء کے بعد سے اس نے موسیقی کی کسی محفل میں شرکت نہیں کی اور آج وہ گیت سننے کے لئے بغداد میں موجود ہے۔


آج کے بعد بہت کم تعداد میں امریکی فوجی تربیت اور مشوروں کے لئے شہری علاقوں میں موجود رہیں گے جبکہ بقیہ ایک لاکھ اکتیس ہزار فوجی کہیں اورمنتقل کر دیئے جائیں گے۔ ایک فوجی معاہدے کے تحت امریکی دستوں کو کسی بھی آپریشن سے پہلے عراقی حکام سے اجازت لینا ہو گی لیکن امریکی کمانڈر کے مطابق ان کے دستوں کوقانونی طور پر اپنی حفاظت کا حق حاصل ہے۔ امریکی دستے 2011ء تک عراق مکمل طور پرخالی کردیں گے اور آج کا انخلاء اسی جانب پہلا قدم ہے۔